اسلام آباد (آئی این پی) سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی نے اپنے مقدمے کی مانیٹرنگ کیلئے بین الپارلیمانی یونین سے مدد مانگتے ہوئے کہا ہے کہ بنیادی انسانی حقوق کا حصول ہر انسان کو ملنا چاہئے۔ ان کے مقدمے کی کاروائی جس انداز میں چلائی جا رہی ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے یہ حقوق سلب ہوں گے۔ بدھ کو حج کرپشن کیس کی سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حامد سعید کاظمی نے کہا کہ انہوں نے اپنے مقدمہ کی شفافیت اور میرٹ کو برقرار رکھنے کے لئے بین الپارلیمانی یونین کے سیکشن ہیومن رائٹس پارلیمنٹرین کو درخواست کی ہے کہ میرے بنیادی حقوق سلب ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پچھلے ہفتے آئی پی یو کے اجلاس کے ایجنڈے میں میرا کیس رکھا گیا تھا اور انہوں نے پاکستان سے میرے کیس کی معلومات بھی مانگی ہیں۔