لاہور (وقائع نگار خصوصی) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صفدر علی بھٹی نے اداکارہ میرا اور کیپٹن نوید کے خلاف دائر اندراج مقدمہ کی درخواست کی سماعت مکمل کرکے فیصلہ آج 3اپریل تک محفوظ کر لیا ہے۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران اداکارہ میرا کی جانب سے خاور بھٹی ایڈووکیٹ نے پیش ہو کر وکالت نامہ داخل کروا دیا جبکہ ایس ایچ او مزنگ کی طرف سے عدالت میں رپورٹ پیش کر دی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ درخواست گزار نے اسے اداکارہ میرا اور کیپٹن نوید کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے کوئی درخواست نہیں دی تھی۔ یاد رہے کہ اداکارہ میرا اور کیپٹن نوید کے خلاف مزنگ کے رہائشی محمد شبیر نے اندراج مقدمہ کی ایک درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے۔ اداکارہ میرا اور کیپٹن نوید نے انٹرنیٹ پر اپنی ایک فحش ویڈیو اپ لوڈ کر رکھی ہے جس سے پوری دنیا میں پاکستان کی سبکی ہو رہی ہے۔ سائل نے اس معاملے میں تھانہ مزنگ سے بھی رجوع کیا تھا مگر ا س کی کوئی شنوائی نہ ہو سکی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے۔ ایس ایچ او مزنگ کو حکم دیا جائے کہ وہ میرا اور کیپٹن نوید کے خلاف مقدمہ درج کرے۔