مقبوضہ کشمیر کے انتخابی ڈرامے میں کسی بھی حیثیت سے شرکت کشمیریوں کے خون سے غداری ہے: حریت کانفرنس

Apr 03, 2014

سرینگر (کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) نے واضح کیا ہے کہ اب کی بار مختلف علاقوں میں الیکشن لڑنے والے کچھ معروف اور غیر معروف افراد اور پارٹیاں لوگوں کو یہ غلط تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انہیں درپردہ طور حریت اور سید علی گیلانی کی حمایت حاصل ہے اور وہ ان کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی انتخابی عمل میں کود پڑے ہیں۔ حریت نے وضاحت کی ہے کہ الیکشن ڈرامے میں کسی بھی حیثیت سے شریک ہونا کشمیری قوم کے اجتماعی کاز اور شہدا کے مقدس لہو کے ساتھ سراسر غداری اور بے وفائی ہے اور اس عمل میں حصہ لینے والے تہجد گزار بھی ہوں، وہ ایک گناہ کبیر کا ارتکاب کرتے ہیں۔ اخباری بیان میں حریت ترجمان ایاز اکبر نے کہا کہ پی ڈی پی نے بھی 2002 ء میں اسی قسم کا تاثر قائم کرکے ووٹروں کو ورغلایا تھا اور انہیں اپنے حق میں کرنے کی کوشش کی تھی اور اس عمل میں دہلی کے پالیسی سازوں اور خفیہ ایجنسیوں نے سبز جھنڈے پر قلم دوات کا انتخابی نشان الاٹ کرکے اس پارٹی کی مدد کی تھی۔

مزیدخبریں