لاہور (سپیشل رپورٹر) طاہر القادری نے کہا ہے کہ فوجی عدالت کی طرف سے دہشتگردوں کو پھانسیوں کی سزا سنانے کے پہلے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہیں، قومی ایکشن پلان کا اعلان ہوئے تین ماہ گزر گئے عملدرآمد کی رفتار غیر تسلی بخش ہے۔ سست روی کا فائدہ دہشت گرد اور انکے سہولت کار اٹھائیں گے۔ پنجاب میں بھی فوجی عدالتیںفنکشنل ہونی چاہئے۔سب سے زیادہ گڑ بڑ پنجاب میں ہے۔ میڈیا ایڈوائزر سے کینیڈا سے ٹیلی فون پر گفتگو میں طاہر القادری نے کہا کہ معاشی دہشت گردی بھی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے ،معاشی دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے بھی آپریشن ناگزیر ہے ۔ ملکی خزانے پر ہاتھ صاف کرنے والوں کو کٹہرے میں لانا ہوگا۔ معاشی دہشتگردوں کو انکے انجام تک پہنچانے کیلئے فوجی عدالتوں کی طرز پر خصوصی عدالتیں قائم ہونی چاہئیں۔ نیب کے تیار کئے گئے سینکڑوں کرپشن کے ریفرنس نیب اور عدالتوں کی الماریوں میں گل سڑ رہے ہیں۔ کرپشن کیسز نمٹانے کیلئے الگ سے عدالتیں ہونی چاہئیں۔ اگلی معرکہ آرائی معاشی دہشت گردی کے خلاف ہونی چاہیے۔ وطن واپسی پر معاشی دہشت گردی کے قلع قمع کا پلان دونگا۔