گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) دھلے پولیس نے 19 روز قبل ملنے والی سر کٹی نعش کا معمہ حل کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہین آباد کے علاقہ جی ٹی روڈ سے 19 روز قبل پولیس کو سر بازو اور ٹانگ کٹی بوری بند نعش ملی تھی جس کی شناخت پچیس سالہ احمد شہزاد سکنہ لدھیوالہ وڑائچ کے نام سے ہوئی تھی۔ اب پولیس نے تفتیش کرتے ہوئے مقتول کے سا تھ سی این جی سٹیشن پر کام کرنیوالے سکیورٹی گارڈ شہباز کو لاہور سے گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا اس نے احمد شہزاد کو شاہین آباد کے علاقہ گائوشالہ میں ایک کرائے پر لئے کوارٹر میں زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا اور اسکی نعش کو ناقابل شناخت بنانے کے لیے سر بازو اور ٹانگ کاٹ کر اسے بوری میں بند کر کے شاہین آباد کے قریب ویرانے میں پھینک دی۔ پولیس کا کہنا ہے ملزم نے یہ بھی انکشاف کیا اس نے تھانہ صدر کامو نکی میںایک بچے کو بھی زیادتی کے بعد قتل کیا تھا۔ اس کیس میں ملزم شہباز عمر قید کی سزا بھگتنے کے بعد ایک سال قبل جیل سے رہا ہو کر آیا تھا۔