اسلام آباد (عترت جعفری) پاک چین انرجی کوریڈور کے تحت 8 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی کے 15 بلین ڈالر کے منصوبوں کا فنانشل کلوز ہوگیا ہے اور ان میں سے چند کا سنگ بنیاد چینی صدرکے دورہ پاکستان کے دوان رکھ دیا جائیگا۔ چینی صدر نئے پروگرام کے تحت اپریل کے وسط میں اسلام آباد آئیں گے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کو گزشتہ دو روز سے اسلام آباد میں جاری پاک چین انرجی ورکنگ گروپ کے اجلاسوں میں زبردست کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ 8 ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار کے منصوبوں جن کا تعلق کول‘ ونڈ‘ سولر اور پن بجلی کے منصوبوں سے ہے۔ کا ’’فنانشل کلوز‘‘کر لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ فنانشل کلوز ہونے کے بعد کسی بھی منصوبہ میں خرچ ہونے والی ایک ایک پائی کا انتظام کیا جاتا ہے اور منصوبہ کے زیر عمل آنے کی راہ میں کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہ جاتی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کے انرجی سیکٹر میں ایک وقت میں کسی بھی ملک کی طرف سے یہ سب سے بڑی سرمایہ کاری ہوگی۔ جن منصوبوں کا فنانشل کلوز کیا گیا ہے ان میں 720 میگاواٹ پن بجلی منصوبہ کورت آزاد کشمیر‘ کے پی کے میں 870 میگاواٹ سکی کناری پن بجلی منصوبہ‘ ٹھٹھہ میں 50 میگاواٹ ونڈ پاور منصوبہ اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔