شیخوپورہ + نارنگ منڈی+ بوریوالا+ چیچہ وطنی (نامہ نگار خصوصی +نامہ نگاران) شیخوپورہ، بوریوالا اور چیچہ وطنی سمیت کئی شہروں میں بدترین غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، صارفین کی زندگی اجیرن، کاروبار متاثر۔ نارنگ میں بجلی کے ستائے شہریوں نے مظاہرہ کیا۔ تفصیل کے مطابق نارنگ منڈی وگردونواح میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کو پریشان کردیا جس پر شہریوں نے پریس کلب کے سامنے شدید احتجاج کیا۔انہوں نے کہا موسم گرما آتے ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے شدید پریشانی اٹھانا پڑ رہی ہے۔ شیخوپورہ میں موسم تبدیل ہونے کے باعث گرمی کی لہر کے باوجود سوئی گیس کی طویل دورانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند نہیں ہو سکا شہری علاقوں میں 4 تا 5 اور مضافاتی علاقوں میں 2 تا 3 گھنٹے تک گیس کی سپلائی ممکن بنائی جارہی ہے صارفین سراپا احتجاج ہیں۔ جمعہ کے روز جنڈیالہ شیر خان روڈ کے سینکڑوں مکینوں نے احتجاج ریکارڈ کروایا حکومت مخالف نعرے بازی، مطالبہ کیاگیا گیس کی بندش کا دورانیہ کم کیا جائے۔علاوہ ازیں بوریوالا میں میپکو نے لائن لاسز پورے کرنے کیلئے لوڈشیڈنگ کے دورانئے میں 5 سے 6 گھنٹے کا اضافہ کردیا۔ مقامی شہریوں نے چیف ایگزیکٹو میپکو سے شہری علاقوں میں اضافی لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے۔ چیچہ وطنی میں موسم گرما کے آغاز میں ہی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو پریشان کر دیا جبکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈائیلاسز یونٹ کا جنریٹر گذشتہ چار روز سے خراب ہونے کی وجہ سے گردے کے مریضوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔