اشتعال انگیز تقاریر کیس: الطاف سمیت 20ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

Apr 03, 2016

کراچی (آن لائن) انسدادی دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اشتعال انگیز تقاریر کیس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سمیت 20سے زائد مرکزی رہنمائوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اشتعال انگیز تقاریر کیس کی سماعت کرتے ہوئے الطاف حسین، فاروق ستاراور رئوف صدیقی سمیت دیگر 20 سے زائد ارکان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت میں ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سماعت کے دوران ایم کیو ایم کے نامزد میئر وسیم اختر اور قمر منصور پیش ہوئے جس پر عدالت نے دونوں رہنمائوں کی عبوری ضمانت میںتوسیع کر دی۔ تفتیشی افسر نے مقدمے کے مفرور ملزمان کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے مزید مہلت دی جائے۔

مزیدخبریں