لاہور تا کراچی ایل این جی پائپ لائن بچھانے کیلئے سمری منظور

Apr 03, 2016

اسلام آباد (نیٹ نیوز) کراچی سے لاہور تک ایل این جی پائپ لائن بچھانے کی اوگرا کی جانب سے تیار کردہ سمری کی وزارت خزانہ نے منظوری دیدی۔ سوئی ناردرن اور سدرن کمپنیاں لائن بچھانے کیلئے فنڈز کا خود بندوبست کریں گی۔ پائپ لائن مکمل کرنے کی ڈیڈلائن 31 دسمبر 2016ء دی گئی ہے۔ اوگرا ذرائع کے مطابق سوئی ناردن اور سدرن ملکر ملک بھر میں قطر سے درآمد شدہ مائع گیس سسٹم میں لانے کیلئے ایک ہزار کلومیٹر پائپ لائن بچھا رہی ہیں اس کیلئے 100 ارب روپے درکار تھے جو اوگرا نے حکومتی فنڈز سے مانگے لیکن اس تجویز کو وزارت خزانہ نے مسترد کردیا۔ دوسری تجویز کے مطابق دونوں کمپنیوں نے یہ فنڈز خود بندوبست کرنا تھے جس میں بنکوں سے قرضہ لینا شامل ہے۔ وزارت خزانہ نے اوگرا کی اس تجویز کو منظور کرلیا ہے، اس طرح سوئی ناردرن 850 کلومیٹر اور سدرن تقریباً 300 کلو میٹر پائپ لائن بچھانے کیلئے مجموعی طور پر 100 ارب روپے قرضہ لے گی۔

مزیدخبریں