احمد آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست گجرات کے ضلع نوساری میں ٹی 20 ورلڈکپ سیمی فائنل میچ کے دوران بھارت کے ہار جانے پر خوشی منانے والے مسلمانوں پر ہندو غنڈوں نے حملہ کر دیا۔ دکانیں اور پتھارے جلا ڈالے اور پولیس پر پتھرائو کیا جس سے 2 اہلکاروں سمیت5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس نے الٹا 12 مسلمانوں کو ہنگامہ آرائی کا الزام لگا کر گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا کہ دھبیل گائوں میں بھارت کے ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ہار جانے اور مسلمانوں کے خوشی منانے پر علاقے میں چند روز سے ہندو مسلم کشیدگی کی فضا تھی۔ گزشتہ روز ایک ہندو لڑکے کو تھپڑ مارے جانے کی افواہ واٹس ایپ کے ذریعے پھیلتے ہی ہندوئوں کے مشتعل ہجوم نے مسلمانوں کی آبادی پر حملہ کردیا۔ علاقے میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری متعین کر دی گئی۔ ایس پی نلیث جاڑیہ نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس نے شیلنگ کے ذریعے صورتحال پر قابو پانے میں ناکامی کے بعد ہجوم پر لاٹھی چارج کیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایک اطلاع یہ بھی سرگرم ہے کہ ہندوئوں کے ہجوم نے گائے ذبح کرنے کی افواہ پھیلنے پر مسلمانوں کے گھروں‘ دکانوں پر حملہ کیا۔
مودی کے گجرات میں بھارت کے میچ ہارنے پر ہندوئوں کا حملہ‘ مسلمانوں کے گھر‘ دکانیں جلا دیں
Apr 03, 2016