لاہو ر+ کراچی(خصوصی رپورٹر+ سٹاف رپورٹر) امام صحافت، معمار نوائے وقت اور عظیم پاکستانی مجید نظامی کاآج 3اپریل کو 89 واں یوم ولادت ہے۔ تحریک پاکستان کے کارکنان اور ان کی اولادیں مجید نظامی مرحوم کا یوم ولادت عقیدت و احترام کے ساتھ مناتی ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی اور مسلم لیگی رہنما ڈاکٹر آصف کرمانی نے کل 3 اپریل کو ڈاکٹر مجید نظامی کے یوم ولادت پر کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے پنجاب آفس میں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ پنجاب کے صدر میاں غلام حسین شاہد جبکہ مسلم لیگ (ن) لاہور کے دفتر میں مسلم لیگ (ن) لاہور کے جنرل سیکرٹری و صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے مجید نظامی مرحوم کا یوم ولادت منانے کا اہتمام کیا ہے۔کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ مجید نظامی ممتاز صحافی تھے اور صحافت کیلئے انکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔مجید نظامی کے 89ویں یوم ولادت کے موقع پر میئر کراچی نے اپنے بیان میں کہا کہ مجید نظامی نے صحافتی خدمات کے ساتھ تحریک پاکستان اور تعمیر پاکستان میں بھی نمایاں کردار ادا کیا، مجید نظامی ایک محب وطن اور پاکستان کیلئے مثبت سوچ کے حامل تھے۔ انہوں نے اپنے کردار اور اپنے کام سے پاکستانیوں کے دل جیتے اور اپنی ادارت میں شائع ہونے والے اخبار روزنامہ نوائے وقت کو نظریہ پاکستان اور قائداعظم کے افکار کے عین مطابق بنایا، مجید نظامی نے نظریہ پاکستان ٹرسٹ قائم کیا اور اس ٹرسٹ کے تحت نظریہ پاکستان کو اجاگر کرنے کیلئے لاتعداد پروگرام منعقد کئے۔ میئر کراچی نے کہا کہ مجید نظامی نے بچوں کی ذہنی تربیت کیلئے ماہنامہ پھول جاری کیا جس کا مقصد بچوں کو تحریک پاکستان اور پاکستان کیلئے جدوجہد کرنے والے عظیم رہنماﺅں اور نظریہ پاکستان سے واقفیت تھا، آج بھی یہ ماہنامہ بچوں میں بے انتہا مقبول ہے انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مجید نظامی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
مجید نظامی/ یوم ولادت