فیروزوالا + جنڈیالہ شیر خان+ شیخوپورہ (نامہ نگار) لاہور روڈ کی آبادی خان پور (شیخوپورہ) میں دیرینہ دشمنی پر مخالفین نے فائرنگ کرکے 3 روز قبل یوسی چیئرمین سمیت 7 افراد کو زخمی کر دیا۔ یونین کونسل خان پور کے چیئرمین ملک عمران علی ڈوگر ساتھیوں کے ہمراہ گاڑی پر گھر جا رہے تھے۔ راستے میں مخالفین نے جدید اسلحہ سے گاڑی پر اندھادھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں چیئرمین کے دو گن مین اظہر اور زوہیب اور راہگیر عنایت موقع پر ہلاک جبکہ چیئرمین ملک عمران علی ڈوگر سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے۔ طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ فیکٹری ایریا پولیس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ دیگر زخمیوں میں عثمان‘ رجب اور 2 راہگیر سمیت 5 افراد شامل ہیں۔جنڈیالہ شیر خان سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعلیٰ نے تین افراد کی ہلاکت اور لیگی چیئرمین سمیت 7 افراد کے زخمی ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او شیخوپورہ کو ہدایت کی ہے کہ فی الفور ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق چیئرمین ملک عمران رحمت ڈوگر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ وہ سابق ضلع ناظم ملک رحمت علی ڈوگر کے صاحبزادے ہیں۔ تہرے قتل کی اس لرزہ خیز واردات سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس افسران‘ مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران و کارکنان ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئے جنہوں نے اس واقعہ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
3 ہلاک
شیخوپورہ : یوسی چیئرمین کی گاڑی پر فائرنگ دو گن مین راہگیر ہلاک
Apr 03, 2017