لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کا پاکستان سپر لیگ سپاٹ فکسنگ کے اہم کردار ناصر جمشید تک رسائی کا معاملہ ایک بار پھر لٹک گیا ، اینٹی کرپشن یونٹ کی انگلینڈ روانگی اب تک طے نہ ہوسکی۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی سے رابطے میں ہے ،ناصر جمشید کے بیان کے بعد ہی سپاٹ فکسنگ معاملے کی گتھی سلجھ سکے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ناصر جمشید کو برطانیہ میں نیشنل کرائم ایجنسی کی تحقیقات کا سامنا ہے ،پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ اور جی ایم لیگل پر مشتمل ٹیم کی انگلینڈ روانگی کی حتمی تاریخ تاحال طے نہ ہوسکی۔سپاٹ فکسنگ کیس میں پی سی بی کا سارا انحصار ناصرجمشید سے تحقیقات پر ہے اور ناصر کے تعاون نہ کرنے پر کیس کمزور پڑ سکتا ہے۔