چین اور سعودی عرب کا فوجی تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچانے پر اتفاق

Apr 03, 2017

بیجنگ (اے پی پی) چین اور سعودی عرب نے دونوں ممالک کے سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے پر عمل درآمد، تعلقات کے فروغ اور فوجی تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچانے پر اتفاق کیا ہے۔ چین کے سنٹرل ملٹری کمشن کے وائس چئیرمین جنرل ژی چی لیا نگ اور سعودی عرب کے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر دفاع محمد بن سلمان کی ریاض میں ملاقات ہوئی ہے۔ چین کی وزارت دفاع کے مطابق جنرل ژی چی لیا نگ نے دو طرٖفہ تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب مشرق وسطی اور اسلامی دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے اور مشرق وسطیٰ میں چین کا سب سے اہم پارٹنر ہے،دونوں ممالک کے مابین عرصہ دراز سے دوستانہ روابط ہیں،چین ہمیشہ سعودی عرب کی ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کرتا آیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی افواج کے مابین بھی دوستانہ تعلقات ہیں۔ سعودی نائب ولی عہد اور وزیر دفاع محمد بن سلمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے سربراہان کے دوروں سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے مابین سٹرٹیجک تعلقات کو فروغ ملا ہے۔

مزیدخبریں