نیویارک(این این آئی) نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے طلبہ نے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ہونے والا ڈیزائن چیلنج 2017 کا عالمی مقابلہ جیت لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مقابلے میں مختلف امراض سے متعلق بچاؤ، تحفظ یا ان میں مدد فراہم کرنے والے تیار کردہ آلات پیش کیے گئے۔ مقابلے میں امریکی ریاست میساچوٹس کے انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) نیو یارک کی کارنل یونورسٹی (سی یو) ورجینیا کی ورجینیا ٹیک، یونیورسٹی آف ساؤ پولو، بیجنگ یونیورسٹی اور خود اسٹین فورڈ یونیورسٹی کے طلبہ پر مشتمل ٹیموں نے حصہ لیا۔ نسٹ کے طلبہ کی 3رکنی ٹیم میں حوریا انعم، اویس شفیق اور ارسلان جاوید شامل تھے۔ نسٹ کے طلبہ نے ذہنی بیماری کے باعث ہونے والی تھرتھراہٹ، کپکپی یا رعشے کی بیماری میں مدد فراہم کرنے والا ایک آلہ تیار کیا تھا، جس کی مدد سے اس بیماری میں مبتلا افراد کہیں بھی آزادی سے گھوم پھر سکتے ہیں۔