اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور جمعیت علماءاسلام (ف) کے مرکزی رہنما سینیٹر عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے صد سالہ اجتماع میں 40 لاکھ لوگ شریک ہوں گے اور یہ انسانی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہو گا۔ اجتماع سے انسانیت اور امن کا پیغام دنیا کو دیں گے اور پاکستان میں مقتدر قوتوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ ماضی میں ہمیں حکومت سے دور رکھنے اور ہرانے کے لئے کے لئے بدقسمتی سے مقدس جماعتوں نے بھی پیسے لئے اور ساشیں کیں ہماری جماعت نے 1913ءمیں یہ عہد کیا تھا کہ اب سیاسی جدوجہد کرینگے اور اس کے لئے قوم کو اکٹھا کرنا ضروری ہے۔ اس کے بغیر اسلام دشمن قوتوں کو شکست دینا ممکن نہیں ہے پاکستان لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر بنا۔ یہ سیکولر نہیں اسلامی ملک بنے گا، انہوں نے ےہ بات اتوار کو نیشنل پریس کلب میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صد سالہ اجتماع کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ سیمینار سے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما عطاءالرحمن نے بھی خطاب کیا۔ ڈپٹی چےئرمےن سےنےٹ نے کہا کہ دشمن قوتیں سازشیں کر رہی ہیں ،ہم پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے، پاکستان بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے نہیں ہم نے بنایا ہے، پاکستان کے لئے 50 ہزار علماءنے قربانیاں دی ہیں۔ ہمارے اسلاف نے پاکستان کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ ملک دشمن عناصر سے اس کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرینگے۔ ۔ اگر اب بھی ہمیں نظر انداز کیا گیا تو اس سے پاکستان کو نقصان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ روس کی شکست کے بعد عالمی قوتوں نے اسلام کو اپنا مقابل سمجھ لیا اور اسلام کو بدنام کرنے کے دہشت گردی کی اصطلاح عام کی۔ اسلام کا دہشت گردی اور انتہاپسندی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پاکستان کے آئین میں جتنی بھی اسلامی شقیں موجود ہیں وہ جمعیت علمائے اسلام کی کوششوں کی وجہ سے ہیں۔ مگر بدقسمتی سے آج تک آئین پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو سکا اگر آئین پر عملدرآمد ہو جاتا تو ہمارے مسائل حل ہو جاتے۔ عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اجتماع میں نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ بتائیں گے جو کوئی دوسرا نہیں بتاتا۔ لوگوں نے لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر قربانیاں دی ہیں جو جماعتیں دعویٰ کرتی ہیں کہ پاکستان ہم نے بنایا ہے انہوں نے کوئی قربانیاں نہیں دیں۔ ان کے جلسوں میں پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ کے نعرے نہیں لگے۔ یہ صرف ہمارے جلسوں میں لگتے ہیں۔ لوگوں نے پاکستان میں اسلام کے نفاذ کے لئے آگ اور خون کا دریا عبور کیا کہ یہاں اسلام کا عملی نفاذ ہو گا اور وہ اسلام کے مطابق زندگی گزار سکیں گے۔ جمعیت علماءاسلام کے مرکزی رہنما سینیٹر عطاءالرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صد سالہ اجتماع میں دنیا بھر سے 60 سے زائد علماءشریک ہوں گے خانہ کعبہ کے امام شیخ عبدالرحمن السدیس ایک وفد کے ہمراہ 6 تاریخ کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ اجتماع پاکستان کی سیاست کا رخ بدلے گا۔ پاکستان میں آنے والا دور جمعیت علماءاسلام کا دور ہو گا۔ عطاءالرحمن نے صحافیوں کو باقاعدہ اضاخیل اجتماع میں شرکت کی دعوت دی اور میڈیا سے کوریج کی اپیل کی ہے۔