رہبر پاکستان، امام صحافت اور معمار نوائے وقت ڈاکٹر مجید نظامی کا 90 واں یوم ولادت آج منگل 3 اپریل کو منایا جائیگا

Apr 03, 2018

لاہور (خصوصی رپورٹر) رہبر پاکستان، امام صحافت اور معمار نوائے وقت ڈاکٹر مجید نظامی کا 90 واں یوم ولادت آج منگل 3 اپریل کو منایا جائیگا۔ اس سلسلے میں ادارہ نوائے وقت اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ سمیت متعدد سیاسی و سماجی ادارے یوم مجید نظامی منائیں گے اور انکی سالگرہ کا کیک کاٹیں گے۔ جناب مجید نظامی کشمیریوں کے حقوق اور آزادی کے علمبردار تھے اور بھارتی درندوں سے پاکستان کی شہ رگ کشمیر کو آزاد کرانے کیلئے پرجوش تھے۔ آج انکی سالگرہ ایسے حالات میں آئی ہے جب بے بس کشمیریوں کو گھر گھر سرچ آپریشن کی آڑ میں خون میں نہلایا جا رہا ہے جس پر قوم سوگوار ہے۔ جناب مجید نظامی کی سالگرہ سادگی سے منائی جائیگی۔نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ نے یہ دن یوم مجید نظامی کے طور پر منانے کا اہتمام کیا ہے۔ ایوان کارکنان تحریک پاکستان، شاہراہ قائداعظم لاہور میں ایک تقریب ہوئی جس کی صدارت محمد رفیق تارڑ کریں گے۔ یوم ولادت کی مناسبت سے منعقدہ اس تقریب کے دوران کیک بھی کاٹا جائیگا۔ ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کے قریبی ساتھی، کارکنان تحریک پاکستان، دانشور، صحافی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ممتاز افراد مجیدنظامی کی حیات وخدمات پر روشنی ڈالیں گے۔ اس تقریب کا اہتمام تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔
سالگرہ

مزیدخبریں