تہران (سٹاف رپورٹر+ آئی این پی) ایران نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے قتل عام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کشمیری عوام کے مفادات سے متعلق ہر اقدام کی حمایت کرتا ہے اور کشمیر میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے متعلقہ فریقین کی درخواست پر مدد کیلئے تیار ہے۔ ایرانی خبررساں ادارے ”ارنا “ کے مطابق ترجمان دفترخارجہ بہرام قاسمی نے ایک بیان میں کشمیر میں حالیہ جھڑپوں کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع اور شہریوں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔ دریں اثنائاقوام ِ متحدہ کی نمائندہ تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو عالمی دہشت گرد قرار د یتے ہوئے اقوام ِ متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں یو این مشن کی نمائندہ تنظیموں کو جانے کی اجازت دی جائے تاکہ بھارت کا بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے آسکے۔ تفصیلات کے مطابق اقوام ِ متحدہ کی نمائندہ تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے گزشتہ روزسانحہ پلوامہ اور شوپیاں میں بھارتی فوج کی درندگی کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اقوام ِ متحدہ بھارتی حکومت پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے پر عالمی عدالت میں مقدمہ درج کرائے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق او آئی سی نے کہا ہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔ سیکرٹری جنرل او آئی سی ڈاکٹر یوسف نے شہداءکے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے بھارت او آئی سی مشن کو مقبوضہ کشمیر جانے دے۔ عالمی برادری مسئلہ کشمیر حل کیلئے کردار ادا کرے۔ مسئلہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
کشمیر / ایران / ایمنسی
تہران کشمیری عوام کے مفادات سے متعلق ہر اقدام کی حمایت کرتا ہے اور کشمیر میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے متعلقہ فریقین کی درخواست پر مدد کیلئے تیار ہے
Apr 03, 2018