کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ تین لاہوریوں سمیت 4 مسیحی ہلاک‘ زمین کے تنازعہ پر پانچ افراد ہلاک

Apr 03, 2018

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کوئٹہ میں فائرنگ کے 3 مختلف واقعات میں خاتون سمیت 10 افراد جاں بحق جبکہ بچی سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شاہ زمان روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے رکشے پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی خاتون سمیت 4 افراد ہلاک جبکہ ایک بچی زخمی ہو گئی جاں بحق ہونے والوں میں پرویز، فردوس، کامران اورطارق شامل ہیں جبکہ دوسرے واقعہ میں قمبرانی روڈ پر زمین کے تنازعے پر فائرنگ کے نتیجے میں 5افراد ٹکری غلام رسول، اس کا بیٹا عبدالحمید، بشیراحمد امان اللہ اور لیویز سپاہی نوید احمد ہلاک جبکہ 4افراد شکیل احمد، پیر محمد، ماچھی خان زخمی ہوگئے جبکہ تیسرے واقعہ میں کوئٹہ کے علاقے دشت سبی روڈ پرنامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص محمد اعظم کو ہلاک کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے نعشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ اور بولان میڈیکل ہسپتال پہنچا دیا جہاں نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کر دی گئیں۔ پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ کوئٹہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران فائرنگ کے 4 واقعات میں 12 افراد ہلاک جبکہ 7 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔بی بی سی کے مطابق ہسپتال میں لاشوں کے ہمراہ آنے والے ایک شخص طارق نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں اس کا سالا پرویز اور سالے کے دیگر رشتہ دار شامل تھے جو ایسٹر منانے کیلئے کوئٹہ آئے تھے انہوں نے بتایا پرویز انکو اپنے رکشے میں بازار لے جا رہا تھا۔ پولیس کے ایک سینیٹر اہلکار نے فون پر بتایا ہلاک ہونے والے تین افراد کا تعلق لاہور سے تھا واقعہ کے بارے میں تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے تاہم اس وقت یہ کہنا قبل از وقت ہے یہ ٹارگٹ کلنک کا واقعہ یہ یا نہیں۔ اے ایف پی کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ مسیحیوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
کوئٹہ/ فائرنگ

مزیدخبریں