لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ لاہور چیمبر تاجروں کے ودہولڈنگ ٹیکس، ٹیکسوں کے پریشان کن نظام، صوابدیدی اختیارات اور ٹریفک سمیت دیگر مسائل حل ہونے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گا، تاجر معیشت کی اصل طاقت ہیں اور ان کی پارلیمنٹ اور قومی اسمبلی میں بھرپور نمائندگی ہونی چاہیے تاکہ صنعت و تجارت دوست پالیسیاں تشکیل دی جاسکیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بابر محمود کی سربراہی میں ہال روڈ اور دیگر مارکیٹوں کے تاجروں پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر خواجہ خاور رشید اور وفد کے اراکین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ ملک طاہر جاوید نے کہا کہ لاہور چیمبر تاجروں کے مسائل سے پوری طرح آگاہ اور انہیں اعلیٰ حکام تک پہنچاکر حل کرانے کے لیے بھرپور کوششیں کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور قومی اسمبلی میں تاجروں کی نمائندگی نہ صرف تاجر برادری بلکہ معیشت کے لیے فائدہ مند ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کی ترقی و خوشحالی وعدوں تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔