نہتے کشمریوں پر بھارتی مظالم کھلی دہشت گردی ، آزادی کیلئے ایک لاکھ افراد دینے کو تیار ہیں : دینی سیاسی رہنما

Apr 03, 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی تحریک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں 20 سے زائد کشمیریوں کی شہادت پر سیاسی سماجی اور مذہبی و رہنمائوں نے شدید رنج و غم اور غصے کا اظہار کیا ہے ایوان اقبال لاہور میں تجدید عہد وفا کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر بھارتی فوج کی فائرنگ کھلی دہشتگردی ہے ،بھارت طاقت کے بے دریغ استعمال مظالم ودہشتگردی سے کشمیر کی حق خودارادیت کی تحریک کو دبا نہیں سکتا،بھارتی تسلط کو ختم کرنے کیلئے ملک بھر سے ایک لاکھ افراد دینے کو تیار ہیں۔ پاکستان علماء کونسل قاسمی کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کی شہادتیں بدترین ریاستی دہشت گردی ہے۔ جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے فلسطین اور کشمیر میں نہتے مسلمانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مسلم حکمرانوں سے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے کا مطالبہ کیا۔سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے مقبوضہ کشمیر میں انڈین فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے مظلوم کشمیری مسلمانوں کی شہادت پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ظلم اور بربریت سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا۔ ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے سربراہ علامہ محمد ممتاز اعوان سرپرست مولانا محمدالیاس چنیوٹی (ایم پی اے)عالمی تحریک تحفظ حرمین شریفین کے امیرمولانا زبیر احمد ظہیر، ملی یکجہتی کونسل کے مولانامحمد نعیم بادشاہ نے مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ عالمی دنیا بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مظلوم کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے۔جے یو آئی نظریاتی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد زبیر البازی نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا بھارت نے کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کی انتہا کردی۔عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عزیز الرحمن ثانی و دیگر نے مشترکہ بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 20مظلوم کشمیری مسلمانوں کے وحشیانہ قتل اور ایک سو سے زائد کشمیریوں کے شدید زخمی ہونے کے المناک سانحہ پر شدید احتجاج کیا ہے۔ جماعت اہلحدیث کے امیر حافظ عبدالغفارروپڑی ،حافظ عبدالوھاب روپڑی، رہنمائوں حافظ عبدالوحید شاہدروپڑی اور مولانا شکیل الرحمن ناصر نے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کر کے بربریت کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ خواتین ، بچوں حتیٰ کے جنازوں پر بھارتی ظالم افواج کی فائرنگ انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے۔عوامی تحریک ِانقلا ب کے چیئرمین پروفیسر آفتاب لودھی نے بھارتی ظلم و بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے بلیک ڈے منانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سفاکیت اور درندگی حد سے گزر چکی ہے۔ لاکھوں کشمیری شہید،اغوا اور ٹارچر کا شکار ہیں،خواتین کی بے حرمتی ہو رہی ہے۔پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کردی ہے۔

مزیدخبریں