لاہور (لیڈی رپورٹر) پنجاب ایگزامینیشن کمشن کے زیراہتمام آٹھویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں صوبہ بھر کے دانش سکولز کے 97فیصد طلبہ نے اے پلس اور اے گریڈ حاصل کیا۔ جبکہ صوبہ بھر پہلی 30پوزیشنز میں سے دانش سکولز کے 75طلبہ سرفہرست رہے۔ دانش سکولز کے 1471طلبہ نے پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے زیراہتمام ہونے والے سالانہ امتحان 2017-18میں حصہ لیا۔ دانش سکول چشتیاں کے محمد ندیم نے 492نمبر لیکر پنجاب بھر میں تیسری جبکہ چشتیاں ہی کے اللہ داد، ڈی جی خان کے محمد ارسلان اوردانش سکول راجن پور کے محمد نادر نے 491 نمبر حاصل کر کے مشترکہ طور پر چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ علاوہ ازیں سنٹر آف ایکسیلینس حافظ آباد کی طالبہ جویریہ عثمان نے 487نمبر حاصل کر کے ضلعی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ صوبہ بھر کے سنٹر آف ایکسیلینس کے آٹھویں جماعت کا نتیجہ بھی 100فیصد رہا۔ ایم ڈی دانش سکولز اتھارٹی بریگیڈئر (ر) عامر حفیظ نے سکولز کے پرنسپل، اساتذہ اور پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دی ہے۔
پنجاب ایگزامینیشن کمشن کے زیراہتمام آٹھویں جماعت کے امتحانات میں دانش سکولز کے طلبہ کی شاندار کارکردگی
Apr 03, 2018