ایل این جی سکینڈل: شاہد خا قان نیب پیش، نیا کیس بھی کھل گیا، نواز سریف کا نام شامل

Apr 03, 2019

اسلام آباد (نامہ نگار+ایجنسیاں + نوائے وقت نیوز) ایل این جی سکینڈل میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نیب آفس راولپنڈی میں پیش ہو گئے۔ شاہد خاقان نے نیب حکام کے سوالوں کے جواب دئیے۔ سابق وزیراعظم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا سیکرٹری پٹرولیم کو لکھے خط پر کچھ جواب مل گئے ہیں۔ ملنے والی تفصیلات نیب کو پیش کر دوں گا۔ جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کو جھگڑے کی بجائے ملکر ملک چلانا چاہئے۔ عمران خان نے بھی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنا رکھی ہے۔ دوسری جانب نیب نے نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کیخلاف نیا کیس کھول دیا۔ شاہد خاقان عباسی کو بلٹ پروف گاڑیوں کے کیس میں نیا سمن جاری کر دیا گیا۔ نیب نوٹس میں کہا گیا سارک کانفرنس کے لیے بلٹ پروف گاڑیاں منگوا کر ذاتی استعمال کیوں کیں؟ نیب ذرائع کے مطابق بلٹ پروف گاڑیاں نواز شریف اور مریم نواز‘ سابق وزیراعظم کے اہلخانہ نے بھی استعمال کیں۔ جرمنی سے 34 بلٹ پروف گاڑیاں ڈیوٹی ادائیگی کے بغیر خریدی گئیں۔ بلٹ پروف گاڑیاں سارک کانفرنس 2016ء کے مہمانوں کے لیے منگوائی گئیں۔ نواز شریف نے 34 میں سے 20 بلٹ پروف گاڑاں اپنے قافلے میں شامل کر لیں ۔ نیب ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد اورسابق سیکرٹری خارجہ سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔ وزارت خارجہ کے افسران نے بلٹ پروف گاڑیوں کے لیے اختیارات سے تجاوز کیا۔ دوسری جانب جعلی اکائونٹس کیس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی‘ نیب ہیڈ کوارٹرز میں پیش ہوئے۔ جے آئی ٹی نے سابق وزیراعظم سے پوچھ گچھ کی۔ یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا جعلی اکائونٹس میں مجھے بلایا گیا جیسے ہی مجھے عدالت سے نوٹس موصول ہوا میں پہنچ گیا۔ جس طرح کا سکول میں سوالنامہ دیا جاتا تھا اسی طرح کا سوالنامہ دیا گیا ہے۔ پیپلزپارٹی عوامی جماعت ہے۔ ہم نے ہمیشہ جمہوریت اور آئین کی پاسداری کی بات کی۔ بلاول ملک کیلئے ایک امید ہیں۔ نوجوان ان کے ساتھ ہیں۔ بینظیر بھٹو کا بیٹا ہونے کی وجہ سے عوام کی امیدیں زیادہ ہیں۔ مقدے بنتے رہتے ہیں۔ گھبرانے والے نہیں۔ کچھ گاڑیاں زرداری اور نوازشریف کو گفٹ کی تھیں جس پر مجھے بلا لیا گیا ہے۔

مزیدخبریں