مجھے نہیں پکڑا گیا، اویس ٹپی: پٹرول بم سے توجہ ہٹانے کیلئے جھوٹی خبر چلائی گئی: چیئرمین پی پی

دبئی+ اسلام آباد (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر زرداری کے قریبی ساتھی اور منہ بولے بھائی اویس مظفر ٹپی کی گرفتاری کی متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ انٹرپول کے ذرائع نے تصدیق کی کہ اویس مظفر ٹپی کو دبئی میں حراست میں لیا جبکہ انہیں جلد پاکستان منتقل کر دیا جائے گا۔ تاہم حکام کی جانب سے تاحال گرفتاری کی کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔ ایف آئی اے نے اویس ٹپی کی گرفتاری کی تردید کی ہے اور ٹپی نے بھی اپنی گرفتاری کی خبر کو رد کردیا ہے۔ اویس مظفر ٹپی پر منی لانڈرنگ اور زمینوں پر ناجائز قبضے کرنے کے الزامات ہیں۔ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں سندھ کے وزیر بلدیات کے منصب پر فائز رہنے والے اویس مظفر ٹپی کے خلاف اگست 2018ء میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ نے 4 مختلف مقدمات میں تحقیقات شروع کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔ پی پی پی کے رہنما پر الزام ہے کہ انہوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ملیر ندی کے قریب سینکڑوں ایکڑ اراضی ناجائز طور پرالاٹ کی، جس کی مالیت 33 ارب روپے بنتی ہے۔ دوسری جانب اوپس مظفر ٹپی نے اپنی گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں دبئی میں مقیم ہوں۔ میری گرفتاری سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق او نی گروپ کے چیف فنانشل افسر عارف خان کو دبئی میں انٹروپلو نے گرفتار کر لیا ہے۔ انہوں نے رضاکارانہ طور پر گرفتاری دی۔ ذرائع کے مطابق کہ عارف خان میگا منی لانڈرنگ و جعلی اکاؤنٹس کیس کے انتہائی اہم کردار ہیں اور وہ او منی کے چیف فنانشنل آفیسر اسلم مسعود کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔ عارف خان دبئی میں او منی گروپ آف کمپنیز کے چیف فنانشل آفیسر ہیں۔ انہیں اسلم مسعود سے تفتیش کی روشنی میں گرفتار کیا گیا ہے۔ عارف خان دبئی میں او منی گروپ کی 5 سے 6 کمپنیوں کو دیکھتے ہیں‘ ان کمپنیوں کے ذریعے 8 سے 9 ممالک میں 400 سے زائد لوگوں کو پیسہ بھیجا گیا اور 25 ارب روپے کی ٹرانزکشن کی گئیں جبکہ وہ ٹھٹھہ شوگر مل سمیت 12 کمپنیوں کے جعلی اکاؤنٹس کا علم رکھتے ہیں۔ جعلی اکاؤنٹس کیس میں اسلم مسعود کی ٹپ پر مزید گرفتاریوں کا امکان ہے‘ کیس میں محمد عمیر اور یونس قدوائی نامی شخص بھی مطلوب ہیں اور ان کی گرفتاریوں کے لئے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ عارف خان کی پاکستان منتقلی کے انتظامات کئے جا رہے ہیں اور انہیں آئندہ تین روز میں پاکستان منتقل کر دیا جائے گا۔ ایف آئی اے کی حراست میں اسلم مسعود 15 صفحات کا بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں جبکہ عارف خان کی پاکستان منتقلی کے بعد ان کا بھی بیان لیا جائے گا۔دوسری جانب چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک دو سال سے اویس مظفر سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ پٹرولیم بم گرانے سے توجہ ہٹانے کیلئے یہ جھوٹی خبر چلائی گئی۔ جہاں تک مجھے پتہ ہے یہ جھوٹی خبر ہے اور جان بوجھ کر چلائی گئی تاکہ عوام یہ نہ دیکھیں کہ ایک مرتبہ پھر پٹرولیم بم گرا دیا گیا اور پٹرول کی قیمت میں 6 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ جہاں تک انتقام کی بات ہے تو غیر جمہوری قوتوں کی ہمیشہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف کوشش رہی ہے کہ غریب کی آواز کو دبایا جائے۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ ایک ٹارگٹ رہی ہے۔ ہم ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ پیپلز پارٹی نے ضیائ، ایوب، مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا، دہشتگردوں کا مقابلہ کیا تو وہ کسی کٹھ پتلی حکومت سے تو نہیں ڈرے گی۔ حکومت نے جن غلط پالیسیوں سے معیشت کو چلانے کی کوشش کی ہے اس کا نقصان ہر پاکستانی اٹھا رہا ہے۔ جب سے عمران خان کی حکومت آئی ہے عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب گئے ہیں۔ گیس بجلی اور کھانے پینے کی اشیاء مہنگی ہو گئی ہے۔ عجیب حکومت ہے جہاں وزیر خزانہ کہتا ہے کہ معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کی چیخیں نکلیں گی۔ ریلیف دلانے کی بجائے یہ اپنی معاشی پالیسیوں سے عوام کی چیخیں نکال رہے ہیں اور پھر ساتھ ساتھ عمران خان کہتے ہیں کہ مجھے غریب کا احساس ہے اگر غریب کا احساس ہے تو آپ نے اس ملک میں مہنگائی کا طوفان کیسے کھڑا کر دیا۔ پٹرول بم سے توجہ ہٹانے کیلئے اویس منظور کی گرفتاری کی جھوٹی خبر چلائی گئی بلاول بھٹو نے کہا کہ جب کابینہ میں عمران خان نے وزیر خزانہ سے زراعت پر بریفنگ دینے کا کہا تو وہ کہتے ہیں کہ مجھے تو اس بارے میں معلوم ہی نہیں عجیب صورتحال ہے کہ جب وزیر خزانہ کو زراعت کے بارے میں کچھ معلوم ہی نہیں اور آپ ایک زرعی ملک ہیں اسی لئے کسانوں کا معاشی قتل ہو رہا ہے اور اسی لئے زرعی سیکٹر تباہ ہو رہا ہے جس طرح کے معاشی حالات پیدا ہو رہے ہیں کوئی سیاسی جماعت تحریک چلائے نہ چلائے پاکستان کے عوام باہر نکلیں گے وہ یہ مہنگائی برداشت نہیں کر سکتے۔اویس مظفر ٹپی نے اپنی گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دبئی میں موجود ہیں اور انٹرو پول کے ذریعے ان کی حراست کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے میں گرفتار نہیں ہوا میری گرفتاری کی جھوٹی خبریں چلائی جا رہی ہیں میں دبئی میں بالکل خیریت سے ہوں ایف آئی اے کے ذرائع نے بھی اویس مطفر ٹپی کی گرفتاری کی تردید کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...