حکومت معاملہ حل کیوں نہیں کرنا چاہتی، اقلیتوں کا تحفظ نیوزی لینڈ سے سیکھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ

Apr 03, 2019

اسلام آباد (صباح نیوز)اسلا آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے نومسلم بہنوں کے تحفظ کیس میں پانچ ممبران پرمشتمل انکوائری کمیشن تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔ منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں نومسلم بہنوں کے تحفظ کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں ہوئی، سماعت کے دوران اسلام آباد انتظامیہ نے آسیہ اورنادیہ کوعدالت کے سامنے پیش نہیں کیا، دونوں بہنوں کے شوہرصفدرعلی اوربرکت علی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ سیکرٹری داخلہ اورچیف سیکریٹری سندھ کدھر ہیں، سندھ کے مخصوص ضلع میں ایسا کیوں ہورہا ہے، اسلام اقلیتوں کے تحفظ کا درس دیتا ہے، ریاست کا رویہ بہت مایوس کن ہے، ریاست اس مسئلہ کوہلکا کیوں لے رہی ہے، دنیا میں ہمارا تاثراچھا نہیں جارہا، سمجھ نہیں آرہی حکومت اس مسئلہ کو کیوں حل نہیں کرناچاہتی۔سماعت کے دوران وزارت داخلہ کے نمائندے کی جانب سے کہا گیا کہ مجھے گذشتہ روز سماعت کا حکم نامہ ملا جس پرچیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کیا کہہ رہے ہیں اتنی بے حسی، نیوزی لینڈ سے سیکھیں اقلیتوں کا تحفظ کیسے ہوتا ہے، شفاف طریقے سے اس معاملے کی انکوائری کی ضرورت ہے، انکوائری حکومت کا کام ہے عدالت نہیں کرسکتی۔چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے دیکھنا ہے کہ زبردستی مذہب تبدیل نہ ہوا ہو ، یہ بھی دیکھنا ہے کہ لڑکیاں نابالغ نہ ہوں، وہ رپورٹ آجائے تو عدالت اس کودیکھ لے گی۔ عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ نے 5 ممبران پرمشتمل انکوائری کمیشن تشکیل دیتے ہوئے کراچی سے مفتی تقی عثمانی کوبھی کمیشن میں شامل کرنے کا حکم دے دیا۔دوسری جانب ڈہرکی کی نو مسلم بہنوں کی عمر کے تعین کیلئے پمز کی میڈیکل رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی گئی۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق دونوں نومسلم بہنیں بالغ ہیں، آسیہ کی عمر 19 سا ل 6ماہ اور نادیہ کی عمر 18 سال 6ماہ ہے۔ منگل کو ڈہرکی کی نو مسلم بہنوں کی عمر کے تعین کیلئے پمز کی میڈیکل رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی گئی، اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی ڈاکٹر ثانیہ کی جانب سے رپورٹ مرتب کی گئی جس کے مطابق آسیہ کی عمر 19 سال 6 ماہ، جبکہ نادیہ کی عمر 18 سال 6 ماہ ہے ۔ میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں لڑکیوں کی عمر کا تعین ہڈی کے ایکسرے کے ذریعے کیا گیا ۔ رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ عمر کے مزید تعین کے لئے ڈینٹل اور کلینیکل چیک اپ کر ایا جائے۔

مزیدخبریں