سپریم جوڈیشل کونسل کا فیصلہ ارٹیکل 184/3 کے تحت چیلنج کیا جاسکتا ہے: عدالت عظمیٰ

Apr 03, 2019

اسلام آباد(این این آئی)سپریم کورٹ نے سابق جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کا فیصلہ چیلنج کرنے کے معاملے پر 25 مارچ کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے جس میں کہاگیاکہ سپریم جوڈیشل کونسل کا فیصلہ آرٹیکل 184/3 کے تحت چیلنج کیا جا سکتا ہے، رجسٹرار آفس درخواست پر نمبر لگا کر قانون کے مطابق مقرر کرے ۔ منگل کو جاری حکم نامے کے مطابق درخواست گزار نے سپریم جوڈیشل کونسل کے 11 اکتوبر 2018 کے فیصلے کے مندرجات چیلنج کیے تھے۔حکم نامہ کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل کا فیصلہ آرٹیکل 184/3 کے تحت چیلنج کیا جا سکتا ہے۔ عدالت نے کہاکہ سپریم کورٹ ایک فیصلے میں قرار دے چکی ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کوئی عدالت نہیں ہے۔حکم نامے میں کہاگیاکہ رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراضات لگا کر واپس کر دی تھی۔ عدالت عظمیٰ نے کہاکہ رجسٹرار آفس کے اعتراضات تکنیکی وعیت کے ہیں ۔ حکم نامے کے مطابق اپیل پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کو مسترد کیا جاتا ہے۔حکم نامے کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق جج کی اپیل کو ابتدائی سماعت کیلئے منظور کیا جاتا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے رجسٹرار آفس کو درخواست پر نمبر لگا کر قانون کے مطابق مقرر کرنے کا حکم دیا ۔ یاد رہے کہ جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے سماعت کی تھی۔

مزیدخبریں