نیوزی لینڈ: پارلیمنٹ نے خودکار ہتھیاروں پر پابندی کا بل منظور کر لیا

Apr 03, 2019

ولنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ نے فوجی طرز کے نیم خودکار (سیمی آٹومیٹک) بندوقوں اور رائفلز پر پابندی کے بل کو منظور کر لیا۔ خبررساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق بل کی منظوری کے بعد امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اگلے ہفتے کے اواخر تک قانون سازی عمل میں آجائے گی۔ پارلیمنٹ میں خودکار ہتھیار پر پابندی کے بل کو مجموعی طور پر دونوں آزاد خیال اور قدامت پسند قانون سازوں کی حمایت رہی۔ بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 120 قانون سازوں نے بل کے حق میں ووٹ دیا جبکہ صرف ایک قانون ساز کی جانب سے بل کی مخالفت سامنے آئی۔ خیال رہے کہ خود کار ہتھیاروں پر پابندی کے لئے بل پر ووٹنگ پہلا مرحلہ ہے جبکہ دیگر دو مراحل میں کامیابی کے بعد ہی بل کو قانونی درجہ حاصل ہو جائے گا۔ وزیر پولیس سٹیورٹ ناش نے کہا کہ 15 مارچ کو سانحہ کرائسٹ چرچ میں بچوں‘ خواتین سمیت 50 افراد کے قتل کا واقعہ ہم اپنے ملک میں دوبارہ نہیں دیکھنا چاہیں گے اور ہمیں اس کی روک تھام کے لئے فوری قانون سازی کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں