مایہ نازپاپ گلوکارہ نازیہ حسن کاآج54واں یوم پیدائش منایاجارہاہے

مایہ نازپاپ گلوکارہ نازیہ حسن کاآج54واں یوم پیدائش منایاجارہاہے۔ ان کے گائے گیت آج بھی مقبول ہیں۔ بالی وڈ بھی مرحومہ کے گیتوں کا دیوانہ۔ انیس سو پچھتر میں گلوکاری کی دُنیا میں قدم رکھنے والی نازیہ حسن نے کیریئر کا آغاز پی ٹی وی کے پروگرام " کلیوں کی مالا " سے کیا۔ جہاں انہوں نے گانا " دوستی ایسا ناتا" گایا۔ نازیہ حسن کی پہلی البم " ڈسکو دیوانے "انیس سو اکیاسی میں دُنیا بھر میں ریلیز کی گئی۔ جو جلد ہی 14ممالک میں مقبول ہونے کے بعد ایشیا کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی البم کا اعزاز حاصل کر گئی۔ انیس سو پینسٹھ میں پیدا ہونے والی گلوکارہ نے کئی مشہور گیت گائے۔ جو آج بھی زبان زدعام ہیں۔ ان کے مقبول گیتوں میں " دوستی، ڈسکو دیوانے، آنکھیں ملانے والے، بوم بوم اور دل لگی شامل ہیں۔

نازیہ حسن کی آواز اور گلوکاری بالی وڈ میں بھی آج تک مقبول ہے۔ بالی وڈ کی فلم قربانی کے لئے گیت " آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے " پر انہیں فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ نازیہ حسن نے اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ پاکستان میں پاپ میوزک کا آغاز کیا۔ جس کے باعث گلوکارہ کو پاپ میوزک کا بانی تصور کیا جاتا ہے۔ گلوکارہ کو فنی خدمات پر کئی قومی و بین الاقوامی ایوارڈز ملے۔ نازیہ حسن کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ وہ پچیس سال تک گلوکاری کی دُنیا پر راج کرتی رہیں۔ خوبصورت آواز کی مالک گلوکارہ کینسر کے مرض کے باعث تیرہ اگست سن دو ہزار کو خالق حقیقی سے جا ملیں۔۔

ای پیپر دی نیشن