لاہور سے خصوصی پرواز 600 مسافروں کو لے کر ٹورنٹو چلی گئی

Apr 03, 2020

اسلام آباد، لاہور(سٹاف رپورٹر، صباح نیوز)کینیڈین حکومت کی درخواست پر لاہور سے خصوصی پرواز 600 مسافروں کو لے کر ٹورنٹو چلی گئی۔ پی آئی اے فلائٹ آپریشن جزوی بحال ہو گیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق کینیڈین حکومت کی درخواست پر پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے789 لاہور سے600 مسافر لیکر ٹورنٹو چلی گئی۔ مسافروں کی جامع سکریننگ اور ان کے سامان کو ڈس انفیکشن کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قومی رابطہ کمیٹی نے 17پروازیں بحال کرنے کی منظوری دی۔ ہم ان پاکستانیوں کو بتدریج واپس لائیں گے۔ ہماری پہلی ترجیح ٹرانزٹ میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا ہے۔ دوسری ترجیح ویزا ایکسپائر ہونے والے پاکستانی ہیں۔ تیسری ترجیح بیرون ملک مقیم پاکستانی اور زیر تعلیم، واپسی کے منتظر طلباء کو واپس لانا ہے۔ 4سے11اپریل تک کا بین الاقوامی پروازوں کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ قومی ائر لائن کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پہلی پرواز کراچی ٹورانٹو پی کے 783 کے بکنگ شروع ہو گئی ہے۔ پرواز پر پرانی متاثرہ بکنگ کے ساتھ ساتھ نئی بکنگ بھی لی جائے گی۔ پرواز پی کے 783 آج کراچی روانہ ہوگی۔ پرواز پی کے 789 ٹورانٹو سے اسلام آباد واپس آئے گی۔ مسافروں سے التماس ہے کہ مزید معلومات، بکنگ کی تبدیلی یا ٹکٹوں کے حصول کیلئے پی آئی اے بکنگ آفس، ویب سائٹ یا کال سنٹر سے فوری رابطہ کریں۔ پاکستان نے امریکی شہریوں کے انخلاء کیلئے چارٹرڈ پرواز کی اجازت دے دی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی اجازت کے بعد امریکی چارٹرڈ طیارہ کراچی اور پھر اسلام آباد سے امریکی شہریوں کو لے گا۔ طیارے میں امریکی شہریوں سمیت تین برطانوی سفارت کار بھی پاکستان سے روانہ ہوں گے۔ امریکہ کے سفارتی عملے کو ائیرپورٹ ہال میں کاؤنٹر قائم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ خصوصی طیارے کی آمد پر جہاز کے عملے سمیت کسی کو بھی جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

مزیدخبریں