کرونا سے روزگار کے لالے پڑگئے، قوم کو مشکل ترین امتحان کا سامنا ہے: شہباز شریف

لاہور(نیوزرپورٹر+ایجنسیاں) محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک طرف کرونا قوم کی جان لے رہا ہے تو دوسری طرف روٹی، روزگار کے لالے پڑے ہوئے ہیں، تاجروں کی مشاورت اور تجاویز سے چارٹرآف ڈیمانڈ مرتب کر کے حکومت کو پیش کرنا چاہتا ہوں۔ روٹی، روزگار، کاروبار چلانا بھی ضروری ہے، مزدور، دیہاڑی دار اور سفید پوش لوگ ہم سب کی مدد کے حقدار ہیں، پاکستان کے تاجروں، صنعتکاروں اور کاروباری برادری نے ہر مشکل میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کیا ہے، مجھے پورا یقین اور اعتماد ہے کہ ہمیشہ کی طرح آپ پھر اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے، ہم سمجھتے ہیں کہ ہماری تیار کردہ قومی حکمت عملی قوم کو مشکلات سے نجات دلاسکتی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت فوری طورپر کم کر کے70 روپے لٹر مقرر کیا جائے، جس سے حکومت کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجر اور کاروباری برادری سے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی اور کورونا کی وجہ سے درپیش مشکلات اور مسائل پر مشاورت کی گئی۔ شہباز شریف نے کہا کہ قوم کو زندگی کے ایک مشکل ترین امتحان کا سامنا ہے۔ چھوٹے بڑے تاجروں سے موجودہ معاشی مشکلات پر ہمدردی اور افسوس ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کرونا کے خلاف جنگ میں مدد پر چین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لئے حفاظتی و طبی سازو سامان کی فراہمی اس وقت نہایت اہم ہے۔

ای پیپر دی نیشن