اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) چیئرمین اسلامی نظریہ کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ اجتماعی عبادات سے متعلق حکومتی اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔ تمام لوگ نماز جمعہ گھروں میں ادا کریں۔ مساجد کو کمیونٹی سنٹرز قرار دینا چاہئے۔ کرونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کیلئے لفظ شہید یا جاں بحق استعمال ہونا چاہئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی نماز جنازہ میں قریبی رشتے داروں کو شرکت کی اجازت دینی چاہئے۔ احتیاطی تدابیر اختیار کریں لیکن خوف اور ڈر کا پہلو نہیں ہونا چاہئے۔ ڈاکٹر قبلہ ایاز نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کا کسی فرقے سے تعلق نہیں۔ اجتماعی عبادات سے متعلق حکومتی اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔ عوام سے توقع ہے کہ وہ نمازیں گھروں میں ادا کریں گے۔ مساجد کی بندش یا تالہ بندی کا تاثر نہیں جانا چاہئے۔ نمازیوں کی تعداد سے متعلق حکومتی اقدامات پر عمل کی اپیل ہے۔ نمازیں گھروں میں ادا کریں تاکہ میل جول میں فاصلوں کو یقینی بنایا جا سکے۔ آئمہ مساجد کی گرفتاری کی بجائے ان کا تعاون حاصل کیا جانا چاہئے۔ عوام سے توقع ہے کہ علماء کے 25 مارچ کے اعلامیے پر عمل کریں گے۔ ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ کرونا سے متاثرین کیلئے مذہبی و علاقائی امتیازات سے ماورا اقدامات کئے جائیں۔ اقلیتی برادری کی مدد کی جائے۔ زکوٰۃ سے ممکن نہیں تو صاحب استطاعت دیگر طریقوں سے مدد کریں۔ عمرہ یا زیارات کیلئے جو رقم صاحب استطاعت افراد نے جمع کرائی ہے وہ کرونا متاثرین کیلئے عطیہ کریں۔ کرونا وائرس سے وفات پانے والوں کی تدفین کرتے ہوئے تکریم و احترام انسانیت کا مکمل خیال رکھا جائے۔ صاحب استطاعت افراد معاشی دبائو کے شکار افراد کیلئے عطیہ کریں۔ معاشی بیروزگاروں کی کفالت و اعانت کا انتظام مساجد کے ذریعے کرنا نہایت مفید ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو میں بے بس انسانوں کے انسانی حقوق بحال کئے جائیں۔ بیرون ممالک یا اندرون ملک پھنسے افراد کیلئے حکومت مناسب انتظامات کرے۔
نماز گھروں پر ادا کریں، کرونا سے مرنیوالوں کیلئے شہید یا جاںبحق کا لفظ استعمال کیا جائے: قبلہ ایاز
Apr 03, 2020