معمار نوائے وقت مجید نظامی کی آج 92 ویں سالگرہ

Apr 03, 2020

لاہور(نیوز رپورٹر) امام صحافت، معمار نوائے وقت، ملک میں دو قومی نظریے کی سب سے مضبوط آواز، تحریک پاکستان کے کارکن، رہبر پاکستان، ساری زندگی کشمیر کی آزادی کے لیے قلمی جہاد کرنے والے ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کی 92 ویں سالگرہ آج منائی جائے گی۔ مرحوم نے ملکی صحافت میں نئے انداز متعارف کرائے اور دو قومی نظریے کو زندہ رکھنے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ وہ ساری زندگی کشمیریوں کی آزادی کے لیے آواز بلند کرتے رہے۔ ہر سال 3 اپریل کو ڈاکٹر مجید نظامی کا یوم ولادت منایا جاتا ہے۔ ملک بھر میں ان کے یوم ولادت کو یوم مجید نظامی کے طور پر مناتے ہوئے ملک میں ان کی صحافتی اور سماجی خدمات کو اجاگر کیا جاتا ہے اور امام صحافت کی شاندار قومی، دینی، تعلیمی اور صحافتی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔ ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں باقاعدگی سے کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ طلبہ کے متعدد پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں۔ اس سال ملک بھر میں کرونا وائرس کے باعث پیدا شدہ حالات کی وجہ سے یوم ولادت کی تقریبات کا انعقاد تو نہیں کیا جا رہا لیکن ڈاکٹر مجید نظامی کے عقیدت مند اپنے گھروں میں ان کی سالگرہ کا اہتمام کر رہے ہیں۔ ملک بھر سے اہم شخصیات نے اپنے پیغامات میں امام صحافت کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ادارہ نوائے وقت کی بھی قارئین سے امام صحافت ڈاکٹر مجید نظامی کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا کی اپیل ہے۔

مزیدخبریں