قطر نے پاکستانی تجویز پر ترقی پذیر ملکوں کے قرضے ری سٹرکچر کرنے کی حمایت کا عندیہ دیدیا

Apr 03, 2020

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سارک کے سیکرٹری جنرل ایسالا رووان ویراکون سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل سارک کی سربراہی میں ’’سارک کووڈ19 ایمرجنسی فنڈ‘‘ کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس فنڈ سے متعلقہ قواعد و ضوابط کو ممبر ممالک کی مشاورت سے طے کیا جانا چاہیے۔ دونوں رہنماؤں نے جنوبی ایشیائی خطے میں اس عالمی وباء کی نوعیت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سارک ممالک کی طرف سے مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان، اس کرونا وبائی چیلنج کو پیش نظر رکھتے ہوئے، سارک وزرائے صحت کی ویڈیو کانفرنس کے انعقاد کا متمنی ہے تاکہ اس وبا کی روک تھام کیلئے متفقہ لائحہ عمل مرتب کیا جا سکے۔ شاہ محمود قریشی نے قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو روکنے اور اس عالمی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں قطر کے مثبت کردار کو سراہا۔ قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے عالمی وبائی تناظر میں، کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کے لئے، پاکستان کی ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کو ری سٹرکچر کرنے کی تجویز کو سراہتے ہوئے قطر کی طرف سے اس تجویز کی حمایت کا عندیہ دیا۔ وزیر خارجہ نے قطری ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سرکار نے گذشتہ 8 ماہ سے 80لاکھ کشمیریوں کو کرفیو کے ذریعے محصور کر رکھا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کرونا وبائی چیلنج کے حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ڈاکٹرز‘ نرسز‘ پیرا میڈیکل سٹاف کا ہم شکریہ ادا کرتے ہیں کیونکہ ان کے بغیر ہم یہ لڑائی جیت ہی نہیں سکتے۔ حکومت جو آپ کو اس وبا سے بچنے کیلئے سماجی فاصلہ کو برقرار رکھنے سمیت مختلف ہدایات دے رہی ہے، خدا کیلئے ان پر عمل کیجئے یہ احتیاط آپ کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے۔

مزیدخبریں