کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایکسپو سینٹر میں گورنرسندھ عمران اسماعیل ، کورکمانڈر کراچی اور وزیرصحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو اور دیگر اعلیٰ حکام کی موجودگی میں والنٹیئرز نے ایکسپو سینٹر کراچی میں 1200 بستروں پر مشتمل فیلڈ آئسو لیشن سینٹر کا افتتاح کیا ۔بعدازاںگورنرسندھ نے وہاں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا، انتظامات،ضروری ادویات و آلات کی دستیابی کو سراہتے ہوئے 5 ہزار حفاظتی لباس فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا ، واضح رہے کہ فیلڈ آئسو لیشن سینٹر کے لئے وفاقی وصوبائی حکومتوں نے فنڈز کی دستیابی، ادویات کی فراہمی، آر او پلانٹ کی تنصیب میں اہم کردار اداکیا ہے ۔ یہ سینٹر آئسولیشن فیسلٹی ہے جہاں صرف کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کو رکھا جائے گا،سینٹر کی تعمیر میں پاک آرمی نے حکومت کے شانہ بشانہ کام کیاہے جبکہ ہزاروں رضاکار اپنی خدمات کے لئے اندراج کراچکے ہیںآئسولیشن سینٹر میں بہترین طبی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے اور اس شہر میں آئسولیشن سینٹر میں جنرل آئسولیشن وارڈ کے علاوہ ICU کی سہولت بھی میسر ہے۔اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ والنٹیئرز سے اس سینٹرکے باقاعدہ افتتاح کرانے کا مقصد ان کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے ، اس وقت طبی عملہ اور والنٹیئرز کورونا کے خلاف جنگ میں ہر اول دستہ کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ پاک فوج کا جذبہ بھی قابل ستائش ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے مکمل خاتمہ تک فیلڈ آئسو لیشن سینٹر جاری رہے گاکورونا کے خلاف جنگ میں وفاقی ، صوبائی حکومتوں ، پاک آرمی ، این ڈی ایم اے سمیت دیگر اداروں کا تعاون مثالی ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت کورونا کے خلاف لڑائی کے لئے پوری قوت کے ساتھ پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹر کو طویل عرصے تک مکمل فعال رکھنے کیلئے فلاحی اداروں اور مخیر افراد کو آگے آنا ہوگا۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ یہ سینٹر عالمی ادارہ صحت کے تجویز کردہ حفاظتی اصولوں کے مطابق تیار کیا گیا ہے جہاں پر مریضوں کے لئے ویڈیو کالنگ کی سہولت کا انتظام کیا گیا ہے اور ڈاکٹرز اور مریضوں کے لیے علیحدہ علیحدہ داخلے کی سہولت موجود ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ وہ اس سینٹر میں کئے گئے انتظامات دیکھ کر مطمئن ہیں ۔صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو نے کہا کہ حکومت سندھ اس آئسو لیشن سینٹر کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کررہی ہے اور یہ تعاون جاری رہے گا۔سندھ بوائے اسکائوٹس کے سیکریٹری اختر میر اور معروف سماجی کارکن انصار برنی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ایکسپو سینٹر کراچی میں 1200 بستروں پر مشتمل فیلڈ آئسو لیشن مرکزکا افتتاح
Apr 03, 2020