اسلام آباد (نا مہ نگار) وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی وزارت اور پاکستان ٹیلی وژن کے درمیان ٹیلی لرننگ کے آغاز کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب ہوئی۔ پاکستان ٹیلی وژن کی طرف سے مینجنگ ڈائریکٹر عامر منظو ر اور وزارت تعلیم کی وزارت کی طرف سے جوائنٹ سیکرٹری عمیر جاوید نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ اس موقع پر تعلیم اور تربیت کے وزیر شفقت محمود، جنرل مینیجر پی ٹی وی فرحت انور اور دوسرے افسر بھی موجود تھے۔ ٹیلی لرننگ کے نام سے وزارت تعلیم پی ٹی وی پر ایک پروگرام پیش کرے گی۔ جس کے تحت سکولوں میں چھٹیوں کے دوران پہلی جماعت سے بارہویں جماعت تک طالب علموں کو گھر بیٹھے تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا کہ ٹیلی لرننگ سکولوں کے طالب علموں کے لئے تعلیم کے حصول کا ایک نادر موقع ہے۔ پی ٹی وی اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرے گا، پی ٹی وی کے مینیجنگ ڈائریکٹر عامر منظور نے کہا کہ پاکستان ٹیلی وژن ریاست کا ادارہ ہونے کی حیثیت سے اپنے وسائل میں رہتے ہوئے پہلے بھی عوام کو تعلیم دے رہا ہے۔
آن لائن تعلیم کیلئے وزارت تعلیم اور سرکاری ٹی وی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط
Apr 03, 2020