لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ ہیومن رائٹس واچ نے وفاقی و دیگر صوبائی حکومتوں کو سندھ کی طرز کی پالیسیاں اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے، انسانی حقوق کے عالمی ادارے نے سندھ میں وبا کے دنوں میں ورکرز کے حقوق کے تحفظ کی پالیسیوں کو دوسروں کیلئے قابل تقلید قرار دیا، یاد رہے کہ ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے سندھ حکومت نے وبا کے دنوں میں ملازمین کو نوکری سے نہ نکالنے کا حکم نامہ جاری کیا کیا تھا جس میں سندھ حکومت نے ایک شکایتی سیل قائم کیا کہ تنخواہ نہ ملنے یا نوکری سے نکالے جانے کی صورت میں ملازمین شکایت درج کراسکتے ہیں جبکہ ہیومن رائٹس واچ نے مشورہ دیا تھا کہ پاکستان کی وفاقی و دیگر صوبائی حکومتیں سندھ حکومت کے اقدامات کی پیروی کریں۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے نامور صحافیوں کو سوشل میڈیا پر گالیاں دینے اور نشانہ بنانے کی مہم کی مذمت کرتے ہوئے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ صحافیوں کو گالیان دینے کے ٹرینڈز حکومت کے ناقدین کو خاموش کرانیکیلئے ایک اور حملہ ہے، گالیاں دے کر صحافیوں کو پیغام دیا جا رہا ہے کہ یا تو وہ خاموش رہیں یا خمیازہ بھگتنے کیلئے تیار رہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف مخالف آوازوں کی ٹرولنگ کے بجائے کورونا پر توجہ دیں، اتنی محنت کورونا پر بیداری کیلئے کی جائے تو وقت اور وسائل کا درست استعمال ہوگا، ان غیر معمولی حالات میں ملک کو اتحاد کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا ک کورونا وائرس کے بدترین چیلینج سے نمٹنے کیلئے ہمیں یکجا ہونے کی ضرورت ہے، ہم اس نازک موڑ پر فروعی سیاست اور سیاسی الزام تراشی کے متحمل نہیں ہو سکتے، عوام لاک ڈائون کے حکومتی فیصلے پر مکمل عملدرآمد کریں ۔جمہوری نظام میں میڈیا اہم کردار ادا کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ انسانی تاریخ کے اس بدترین بحران میں میڈیا نے دنیا بھر میں حکومتوں کو ان کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرایا ہے، جو سمجھتے ہیں کہ دھونس سے میڈیا کو دبایا جا سکتا ہے انہیں تاریخ یاد رکھنی چاہئے، یاد رکھیں کہ پاکستان کے صحافیوں کی ناانصافی اور ظلم کے خلاف جدوجہد کی ایک لمبی تاریخ ہے۔
عوام لاک ڈائون کے حکومتی فیصلے پر مکمل عملدرآمد کریں: بلاول بھٹو
Apr 03, 2020