اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین وسینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مسلم آبادی کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی بھارتی سازش کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمیٹی کے سامنے اٹھائے تاکہ بھارت کو اس غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات سے روکا جا سکے ۔آج سے دوسال قبل بھی پاکستان اس معاملہ کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمیٹی کے اجلاس میں اٹھا چکا ہے اس سلسلے میں کمیٹی میں ثبوت فراہم کئے تو اس کمیٹی کے پلیٹ فارم پر بھارتی طرز عمل کی مذمت کی گئی ،بھارتی طرز عمل کا نوٹس لینے سے بھارت کو پیچھے ہٹنا پڑا ۔جمعرات کو نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت ہندووتوا کا ایجنڈا آگے بڑھانے کے لئے مقبوضہ کشمیر میں ایک طویل عرصہ سے وہاں کے باشندوں کے باشندوں کو جو حق حاصل ہے اس سے محروم کرنا چاہتا ہے اس اقدام سے مقبوضہ کشمیر میں غیر کشمیریوں کو جائیداد کی خرید اور ملازمت کا حق دے دیا جائے گا مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی ترجیح ختم کی جا رہی ہے ۔ اب کشمیریوں کو چوتھے نمبر پر رکھا جا رہا ہے بھارت غیر آئینی اور غیر اخلاقی اقدامات میں مزید اضافہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں غیر مستحق لوگوں کو بھارت سے وہاں بھیجا جا رہا ہے ۔