اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکریٹری چوہدری منظور احمد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سرکاری پیسوں سے اپنی سیاسی پبلسٹی کا سلسلہ بند کرے۔ پی ٹی آئی کے جھنڈے کے رنگ پر مشتمل انصاف امداد اسکیم اور ٹائیگر فورس کی تھیوری قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کا لفظ ایک سیاسی جماعت جبکہ ٹائیگر کا لفظ اس سیاسی جماعت کے کارکنوں کی ترجمانی کرتا ہے۔ انہوں نے کہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے اس لئے نہیں کہ پی ٹی آئی اپنی ذاتی تشہیر کرے۔ اگر پی ٹی آئی سرکاری منصوبوں کو سیاسی رنگ دے گی تو یہ منصوبے خود متنازعہ ہو جائیں گے۔ چوہدری منظور نے سوال کیا کہ سرکاری اسکیموں کو سیاسی رنگ دے کر عمران خان عوام کی اکثریت کو آخر کیا پیغام دے رہے ہیں۔ کورونا وائرس کے بحران میں عمران خان کی قیادت کے تعصب کا بھرکس نکل چکا ہے۔ ہر سیدھے سادھے امر کو بھونڈی سیاست کی نظر کرکے دوسروں کو گالیاں دینا عمران خان کا وطیرہ بن چکا ہے۔ مزید برآں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور خیبرپختونخواہ سے تعلق رکھنے والے سینیٹر بہرآمند خان تنگی نے کہا کہ عمران نیازی اس وقت بھی اپنی نااہلی چھپانے کے لئے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ نااہل وزیراعظم کی لیڈرشپ اس قابل نہیں کہ وہ 22کروڑ عوام کو اس مشکل گھڑی میں ایک صفحے پر لا سکے۔ سینیٹر بہرآمند خان تنگی نے کہا کہ عمران نیازی اپنے ہر خطاب میں قوم کو تقسیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نااہل وزیر اعظم کورونا وائرس فنڈ کو اپنی پارٹی کی پبلسٹی کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ سینیٹر بہرآمند خان تنگی نے کہا کہ وزیراعظم کو چاہیے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نقش قدم پر چل کر قوم کو متحد کرے۔ آج پوری قوم کی نظریں بلاول بھٹو زرداری کی طرف لگی ہوئی ہیں۔
پی ٹی آئی سرکاری پیسوں سے اپنی سیاسی پبلسٹی کا سلسلہ بند کرے،چوہدری منظوراحمد
Apr 03, 2020