لاہور(نمائندہ خصوصی)پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں مسیحی ملازمین کے اعزاز میں گڈ فرائیڈے اور ایسٹر تہوارکی مناسبت سے گزشتہ روز خصوصی تقریب ہوئی ۔تقریب میں ملازمین پولیس لائنز، ڈولفِن سکواڈ،مختلف دفاتر، تھانہ جات اور دیگر ونگز میں تعینات 285 مسیحی ملازمین نے شرکت کی۔ مسیحی ملازمین میں ایسٹر تحائف اور عیدی تقسیم کی گئی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنزلاہور ساجد کیانی نے کہا ہے کہ مسیحی ملازمین محکمہ پولیس کا اہم حصہ ہیں۔مسیحی پولیس افسران و اہلکاروں کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہیں۔مسیحی برادری کے ایسٹر اور کرسمس سمیت تمام تہواروں اور خوشیوں میں شرکت باعث اعزاز ہے ۔مسیحی پولیس ملازمین کو گڈ فرائیڈے اور ایسٹرکی دلی مبارک بادپیش کرتا ہوں۔ ہم سب کیلئے اولین ترجیح ہمارا ملک پاکستان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گڈفرائیڈے اور ایسٹر کی تمام مذہبی تقریبات میں کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔