تکبر کرنے والا جنت میں نہیں جا سکے گا، علامہ الیاس قادری

کراچی (نیوزرپورٹر) امیر دعوت اسلامی علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطار قادری نے کہا ہے کہ تکبر بہت خطر ناک شے ہے،احادیث مبارکہ میں اس کی بڑی وعید ہے،جس کے دل میں رائی برابر بھی تکبر ہوگا وہ جنت میں داخل نہیں ہوسکے گا۔کسی کو خود سے کمتر جاننا یہ تکبر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر اہلسنت نے کہا کہ اللہ پاک بڑا ہے اور بڑائی بیان فرمائے گا،ہمیں اللہ کی بے نیازی سے ڈرنا چاہئے، اللہ پاک تکبرکرنے والوں،مغروروں اوراکڑ کر چلنے والوں کو پسند نہیں فرماتا، یاد رکھیں ہمیں یہ نہیں معلوم کہ اللہ پاک کی بارگاہ میں کون مقبول ہے اورکس کا کیا درجہ ہے،لہٰذا اللہ کریم کی رحمت پر نظر رکھیں اور اس کی بے نیازی کو بھی فراموش نہ کریں،ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ ہم جسے کمترجان رہے ہوں وہ کل ترقی کرکے ہم سے آگے نکل جائے لہٰذاہمارا کام عاجزی کرنا ہے۔ امیر اہلسنت نے کہا کہ علم،عبادت،ما ل ودولت،حسب ونسب ،عہدہ، منصب ، کامیابیاں، حسن وجمال،طاقت وقوت یہ چیزیں ویسے تو بری نہیں مگر ان کے ذریعے تکبر آسکتا ہے، اللہ کریم کی بارگاہ میں وہ شخص زیادہ پسند یدہ ہے جو اخلاق میں اچھا ہوگا،اور قیامت کے دن سب سے قابل نفر ت اور اللہ کی بارگاہ سے دور وہ لوگ ہونگے جو واہیات بکنے والے،لوگوں کا مذاق اڑانے والے اور تکبر کرنے و ا لے ہونگے۔امیر اہلسنت نے کہا کہ عام طور پر جس کے پاس عہدہ ہوتا ہے لوگ اس کی عزت کررہے ہوتے ہیں،اسے نمایاں جگہ پر بٹھاتے ہیں دراصل یہ اس کے عہدے کی عزت کررہے ہوتے ہیں جس دن اس کا عہدہ چلا گیا اس کی عزت بھی ختم ہوجائے گی جبکہ اللہ والوں کا اپنا منصب ہوتا ہے ان کی عزت مفاد یا عہدے کی وجہ سے نہیں ہوتی،لوگ ان کی خدمت بھی کرتے ہیں اور ان سے عقیدت کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں۔ لہٰذا ہمیں چاہئے کہ اللہ پاک کی رضا کیلئے عاجزی اختیار کریں۔

ای پیپر دی نیشن