کراچی (نیوزرپورٹر)دیکھنا چاہتے ہیں ملک سے غربت ختم ہوگی تو ملک آگے بڑھے گا، پسے ہوئے طبقے کو برابری کی بنیاد پر حقوق مہیا کئے جائیں، حکومت کا غریبوں کو بلاسود قرضے دینے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں ،غریبوں کو چھوٹے کاروبار کرنے کیلئے قرضے دینے کے اعلان کو فوری عملی جامہ پہنایا جائے، چکی میں پسے غریب عوام کی دادرسی کرتے ہوئے رمضان المبارک میں پھل ، سبزیاں، گوشت کی قیمتوں میں کمی اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی علماء کونسل کے چیئر مین علامہ اشرف گورمانی سے ان کے بھائی اسلم گورمانی کے انتقال پر تعزیت و دعا کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا، ثروت اعجاز قادری نے اسلم گورمانی کی مغفرت اور ملک کی سلامتی و معاشی استحکام کیلئے دعا کی اس موقع پر مرکزی رابطہ کمیٹی کے رکن محمد مبین قادری ، علماء بورڈ کے علامہ طارق شہزاد المدنی م علامہ فرقان قادری ،علامہ محمود قادری بھی موجود تھے ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ ملک کے مفاد میں ایک ہوکر تمام اکائیوں کو کام کرنا ہوگا، عوام کی فلاح و بہبود مہنگائی و بے روزگاری کے خاتمے اور غریبوں کو حقوق دلانے کیلئے تمام جماعتوں نے منشور بنایا ہوا ہے مگر جو جماعتیں اسمبلیوں میں ہیں وہ عوام کیلئے کیا کر رہی ہیں ہم عوام کے مسائل پر آواز بلند کرتے ہیں ایوانوں میں بیٹھے افراد کو آئینہ دیکھاتے ہیں پسے ہوئے طبقے کے عوام کو کسی طور بھی تنہا نہیں چھوڑینگے ، انہوں نے کہا کہ حکومت اور ایوانوں میں بیٹھے عوامی نمائندے نیک نیتی کے ساتھ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں چند ماہ میں ملک کی تقدیر بدل جائیگی ، اتحاد و یجہتی کے ذریعے حقوق منوائے جاسکتے ہیں اور ملک دشمن عناصر کی ہر سازش کو ناکام بنایا جاسکتا ہے ۔
غریبوں کو بلاسود قرضے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں ،ثروت اعجاز قادری
Apr 03, 2021