کراچی (نیوزرپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مسلسل شدید گرمی کے سخت موسم میں شہر بھر میں کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ میںاچانک اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید گرمی میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ اہل کراچی پر ظلم اور کے الیکٹرک کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کا ثبوت ہے ۔ گرمی میں اضافہ ہوتے ہی ہمیشہ کی طرح لوڈشیڈنگ دورانیہ بھی بڑھا دیا گیا ہے ۔کے الیکٹرک اور وفاقی حکومت کے گرمی میں لوشیڈنگ ختم کرنے کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں ۔نہ ہی بن قاسم پلانٹ تھری چل سکا اور نہ ہیNTDCسے اضافی بجلی مل سکی ، نیپرا طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے کر کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کرے ،گرمی کی شدت بڑھتے ہی کے الیکٹرک کا بوسیدہ نظام بیٹھنا شروع ہو گیا ، فیڈرز ٹرپ اور پی ایم ٹی میں فالٹ آنا شروع ہو گئے ، آنے والے دنوں میں بھی صورتحال میں بہتری کی کوئی توقع نظر نہیں آرہی ۔کے الیکٹرک ہمیشہ کی طرح منافع زیادہ کمانے کے خاطر اپنے فرنس آئل کے پلانٹس کو بند یا اس کی استعدادی گنجائش سے کم چلاتاہے لیکن وفاقی حکومت اور نیپرا کے الیکٹرک کے خلاف کوئی کارروائی کرنے پر تیار نہیں ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ رمضان المبارک بھی قریب ہے اور اس ماہِ مبارک میں گرمی کا امکان ہے اگر لوڈشیڈنگ کی صورتحال یہ ہی رہی تو عوام نہ صرف سحر و افطار و تراویح بلکہ دن کے اوقات میں بھی روزے کی حالت میں وقت گزارنا مشکل ہو جائے گا ۔وفاقی حکومت اور نیپرا کے الیکٹرک کو پیداواری صلاحیت بڑھانے اور تمام پاور پلانٹس پوری گنجائش کے ساتھ چلانے پر مجبور کریں