کراچی (نیوز رپورٹر ) اسلام امن کا مذہب ہے جو دیگر مذاہب کے ماننے والوں کوبھی ان کے مکمل حقوق دیتا ہے۔ مسجد کے منبرو محراب کو امن و محبت کے فروغ کے لیے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ اصلاح معاشرہ کے لیے مساجد اور خانقاہوںکا کردار بہت اہم ہے۔ نوجوان نسل کا مسجد اور خانقاہوںسے ٹوٹا تعلق پھر سے جوڑنا ہوگا۔ اولیا و صوفیا نے بھوک، جبر، افلاس اور تنگدستی جیسی صعوبتیں جھیل کر بھی اپنے اخلاق و کردار سے چٹائی پر بیٹھ کر انقلاب برپا کیا۔ ہمارے ملک کی حقیقی ترقی ان بزرگان دین کی تعلیم اور ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے میں مضمر ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم بھی ان جیسا کردار اپنائیں۔ ان خیالات کا اظہار مفتی محمدتقی عثمانی نے دارالعلوم کراچی میں علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ پیر احمدعمران نقشبندی مرشدی کی قیادت میں آئے ہوئے وفدسے ملاقات میں تبادلہء خیال کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں پروفیسرآسی خرم جہانگیری، پروفیسرڈاکٹرمحمدسعید،مفتی محمدحفیظ اللہ صدیقی ودیگر شامل تھے۔
اصلاح معاشرہ کے لیے مساجد اور خانقاہوںکا کردار اہم ہے، مفتی تقی عثمانی
Apr 03, 2021