کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد)کے چیئرمین فیاض الیاس نے سکھر میں کثیرالمنزلہ عمارات کی تعمیر پابندی ختم کرنے پر چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی اجازت سے سکھر میں تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا جس سے لاکھوں افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ چیف سیکریٹری سندھ نے 24 مارچ کو ہونے والے اجلاس میں سکھر میں کثیرالمنزلہ عمارتوں پر لگائی گئی پابندی ختم کرنے کا حکم جاری کیا تھا جس پر عمل کرتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے)نے نوٹی فیکیشن جاری کردیا ہے۔چیئرمین آباد نے کہا کہ سکھر میں گزشتہ 5 سال سے بلند عمارتوں کی تعمیرات پر بلاوجہ پابندی عائد تھی جس سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو منفی تاثر جارہا تھا۔بلند عمارتوں کی تعمیر پر پابندی کے باعث سندھ کے تیسرے بڑے شہر میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری رکی ہوئی تھی۔فیاض الیاس نے کہا کہ گھروں کی کمی کی وجہ سے رہائشی یونٹ کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جبکہ مکانات کے کرایوں میں بھی ہوشربا اضافے سے رینٹ بھی بڑھا ہے۔
سکھر میں کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر پر پابندی ختم
Apr 03, 2021