این آئی سی وی ڈی‘ ایک اور ضلع میں اسپتال کا افتتاح

کراچی (نیوزرپورٹر)قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کے 23ویں سینٹر کا ٹنڈوالہیار(ڈی ایچ کیو اسپتال)کا افتتاح کردیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی ذوالفقار ستار بچانی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالستار بچانی نے کہاکہ ٹنڈوالہیار میں این آئی سی وی ڈی سینٹر کا قیام ایک نعمت اور یہاں کے لوگوں کے لئے تحفہ ہے۔انہوں نے کہاکہ این آئی سی وی ڈی کے صوبے میں دس اسپتال اور 19 چیسٹ پین یونٹس ہیں، جہاں امراض قلب کے مریضوں کا بلکل مفت علاج کیا جارہا ہے انہوں نے سینٹر کے قیام کو شہر اور اطراف میں بسنے والے لوگوں کے لیے تحفہ قرار دیا۔یہ سینٹر این آئی سی وی ڈی حیدرآباد سے منسلک ہوگا، جہاں پر امراضِ قلب کے مریضوں کو جدید پرائمری پی سی آئی، انجیوپلاسٹی، پیس میکرز، ایکوکارڈیوگرافی، اوپی ڈی سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اعلامیے کے مطابق این آئی سی وی ڈی نے دل کی صحت کے شعبے میں چیسٹ پین یونٹس کے قیام سے ایک نیا دور متعارف کرایا ہے۔یہ منفرد پروگرام دنیا میں کہیں بھی نہیں ہے۔ یہ چیسٹ پین یونٹس 24 گھنٹے امراضِ قلب کے مریضوں کو ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے میں مصروفِ عمل رہتے ہیں۔این آئی سی وی ڈی یگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمرنے کہاکہ سینے کے درد کے یونٹس مریضوں کو ابتدائی ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے کے لئے فعال بنائے گئے ہیں، جو جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن