اسلام آباد (نا مہ نگار)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ راوی اربن سٹی منصوبہ پر رواںماہ کام میں تیزی آئیگی، پاکستان میں کرپشن اور بدعنوانی کا تعفن ہے جو چیخ چیخ کر این آر او مانگ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں پانی کی زیر آب سطح میں کمی آئی ہے جو تشویشناک بات ہے، زیر زمین پانی گندا اور زہریلا ہونے کے باعث بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے، لاہور کے نواح میں بہنے والا دریائے راوی آلودگی کا شکار ہے، واٹر ٹریٹمنٹ کے ذریعے دریائے راوی کا پانی صاف کرنیکا منصوبہ بنایا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں نیا شہر تعمیر کرنے کا منصوبہ سوچا اور اس کیلئے ڈٹ کر کھڑے ہو گئے، اس منصوبہ پر 20 اپریل سے باقاعدہ کام شروع ہو گا، 2 انٹرچینج بنیں گے، اس منصوبہ کی سڑکوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا بابا کے پاس جانے کو دل کر رہا ہے لیکن ڈاکٹر عدنان کی تجویز پر انہیں بیرون ملک نہیں بھیجا جائیگا ۔31دسمبر تک پنجاب کے تمام شہریوں کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت میسر آئے گی۔