کرونا مزید 83اموات بابراعوان پازیٹو پاکستان سفری پابندیوں کی برطانوی ریڈلسٹ میں شامل

Apr 03, 2021

اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ گوجرانوالہ‘لندن (نامہ نگار‘ خبر نگار خصوصی‘ اپنے سٹاف رپورٹر سے‘ عارف چودھری) ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید 83 افراد جاں بحق ہونے  کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 613 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 78 ہزار 165 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 234 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ 50 ہزار 170 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 7 ہزار 205 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ پنجاب میں 6  ہزار 485، سندھ میں 4 ہزار 504، خیبر  پی کے میں 2 ہزار 382، اسلام آباد میں 572، بلوچستان میں 209، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 358 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ جبکہ وزیراعظم کے مشیر بابر اعوان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں بابر اعوان نے بتایا کہ کرونا کی ہلکی علامات ہیں۔خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ راولپنڈی میں سٹی ٹریفک پولس کے وارڈن حماد علی کرونا کے باعث جاں بحق ہو گئے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا۔ ایس او پیز کے حوالے سے فورم کی ہدایات پر عمل نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔ ماسک‘ سماجی فاصلوں اور کاروباری اوقات کار پر عملدرآمد نہ ہونے پر تشویش ہے۔ ویکسین کی خریداری اور صوبوں کو تقسیم کے عمل پر اعتماد کا اظہار کیا۔ سائنوفارم کی 10 لاکھ ڈوز صوبوں کو تقسیم کی گئیں۔ صوبوں کو ویکسینیشن کے حوالے سے ٹارگٹ پورے کرنے کی ہدایات کی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم صوبے میں لاک ڈاؤن نہیں چاہتے بلکہ صرف 2 ہفتے کے لئے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنا چاہتے ہیں۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ میں ایک ماہ کے دوران برطانیہ سے آنے والوں کے کوائف جمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسلام آباد میں ریسٹورنٹس جمعرات اور جمعہ کو مکمل طور پر بند رہیں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہر میں جمعرات اور جمعہ کو ریسٹورنٹس بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ پاکستان کی مقامی دوا ساز کمپنی کا ویکسین کی تیاری کے لئے چینی کمپنی سے معاہدہ طے پا گیا۔ سرل فارماسیوٹیکل کمپنی کے مطابق اس نے لیوزون مفارم کے ساتھ کرونا ویکسین کی لائسنسنگ اور سپلائی کا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت مقامی دواساز کمپنی کرونا ویکسین پاکستان میں تیار بھی کرے گی۔ دریں اثناء پاکستان کی 2 دوا ساز کمپنیوں نے کرونا وائرس کی ویکسین سپوٹنک 5 کی پاکستان میں تیاری کے لئے روس کو درخواستیں دے دی۔ نمائندہ روسی ڈپٹی ٹریڈ رسلان علیوف نے تصدیق کی ہے کہ 2 پاکستانی فارما کمپنیوں نے روسی ویکسین کی تیاری کی اجازت مانگی ہے اور ہم نے دونوں درخواستیں سرمایہ کاری ڈویژن بھیج دی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے احکامات پر ضلع بھر میں لاک ڈاؤن اور کرونا ایس او پیزکی خلاف ورزی پرکارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اس ضمن میں گذشتہ روز 39 شاپنگ مالز وپلازے اور 21ریسٹورنٹس کو سیل کیا گیا جبکہ مالکان کوایک لاکھ 36ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے۔ فیصل آباد کمشنر سٹی سید ایوب بخاری نے کرونا ایس او پیزکی خلاف ورزی، فیس ماسک کے عدم استعمال اور فوڈ سنٹرز میں خریداروں کو کھانے پینے کی سروسز فراہم کرنے کی پاداش میں ایکشن لیتے ہوئے 12ہوٹلز وفوڈ پوائنٹس کو ایک لاکھ 30 ہزار روپے کے جرمانے کئے۔ خلاف ورزی پرغلام محمد آباد میں فرزند ہوٹل کو 25 ہزار روپے کا جرمانہ کیا اسی طرح ون ڈالر شاپ، دیسی چائے اور امدادیہ سویٹس کو 12،12 ہزار روپے، مہر ہوٹل، زاہد تکہ، حافظ تکہ، المکہ ہوٹل، الکوثر آئس بار، چراغ ہوٹل کو 10،10 ہزار روپے، یادگار آئس بار اور بھٹی فوڈ کو 5،5ہزار روپے کے جرمانے کئے۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے اسسٹنٹ کمشنر سرمد حسین اور میٹرو پولٹین ریگولیشن آفیسر کاشف محمود کی قیادت میں چھاپے مار کر 36دوکانیں سیل کر دیں۔ ایک بس سٹینڈ، دو شادی ہال اور تین ریسٹورنٹ بھی سیل کر دیئے گئے۔5691 ٹیموں نے معائنے کئے 98 مقامات کو سیل کیا گیا۔ خلاف ورزی پر ساڑھے لاکھ روپے جر مانہ کی وصولی کی گئی ۔گز شتہ روز 20 تعلیمی ادارے ،41پبلک گاڑیاں، 220 دوکانیں، 20 شادی ہال اور 30 ریسٹورنٹس کی انسپکشن کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے کرونا وائرس سے محفوظ کر نے کے لئے ماسک اور سینیٹائزر کے استعمال کو لازمی قرار دینے کے حکومتی فیصلہ پر اور ضابطہ اخلاق پر من و عن عمل در آمد نہ کر نے والوں کے خلاف ٹیمیں ان ایکشن رہیں۔ ساہیوال میں پولیس نے چک 120۔ نائن ایل کے بازار میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر آٹھ دکانداروں محمد کلیم، شاہد علی بھٹی، عمر حیات، دانش رفیق، مقصود بشیر، علی رضا، حمزہ عظیم اور اختر حسین کو گرفتار کر لیا۔  پولیس کمیر نے8 مقدمات درج کر کے ملزموں کو جیل بھیج دیا۔ بورے والا سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر عمر فاروق نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر 505ای بی روڈ پر واقع پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹی کو سیل کر دیا۔ دریں اثناء لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر آٹھ دکانیں جبکہ مقررہ وقت کے بعد دکانیں کھولنے پر ایک درجن سے زائد دکانوں کو سیل کیا گیا۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دو دکانیں سیل کر دی گئیں۔ دریں اثناء پاکستان میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کر لیا ہے۔ جب کہ پاکستانی شہریوں کے ویزٹ ویزا پر برطانیہ آمد پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ پاکستانیوں پر ان پابندیوں کا اطلاق9  اپریل سے ہوگا جب کہ پاکستان سے برطانیہ جانے والے مسافروں کو 10 دن کے لئے ہوٹل میں قرنطینہ کرنا ہوگا جب کہ مسافر کو ہوٹل میں قرنطینہ کیلئے 3 لاکھ 68  ہزار روپے بھی جمع کرانے ہوں گے۔ دریں اثناء فضائی کمپنیوں نے پاکستان سے برطانیہ جانے والے مسافروں کے لئے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حالیہ برطانوی پابندیوں کی وجہ سے پاکستان سے برطانیہ جانے کے خواہشمند افراد کی بڑی تعداد کے پیش نظر کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ادھر چین سے خریدی گئی کرونا ویکسین کی مزید کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے۔ حکام وزرات نیشنل ہیلتھ سروسز کے مطابق چین سے خریدی گئی کرونا ویکسین کی ایک اور کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے۔ اب تک چین سے کرونا ویکسین کی مجموعی طور پر 25لاکھ 60ڈوز پاکستان پہنچ چکی ہیں، 15لاکھ کرونا ویکیسن سائینو فارم چین کی طرف سے امداد میں دی گئی ہیں۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈویژن میں کرونا سے متاثرہ مزید 176 مریض سامنے آ گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا سے متاثرہ 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ گوجرانوالہ 3 اور سیالکوٹ کے 2 مریض شامل‘ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 176 مریض سامنے آ ئے ہیں جن میں گوجرانوالہ کے 62 ‘ گجرات 35 ‘ حافظ آباد 2 ‘ منڈی بہاؤ الدین 24 ‘ نارووال 2 اور سیالکوٹ کے 51 مریض شامل ہیں۔ کرونا سے متاثرہ 5 مریض 24 گھنٹوں کے دوران جاں بحق ہوئے ہیں جن میں گوجرانوالہ کے 3 اور سیالکوٹ کے 2 مریض ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر صفدر آباد لاریب اسلم نے تحصیل صفدر آباد میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی 23 دکانوں کو سیل کر دیا۔ جبکہ بازاروں میں آنے والے لوگوں کو ماسک کا استعمال نہ کرنے پر ہاتھ اوپر کروا دیئے۔ اسسٹنٹ کمشنر لاریب اسلم نے کہا کہ عوام ماسک کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں۔ ڈی سی قصور آسیہ گُل کی ہدایات پراسسٹنٹ کمشنر کوٹ رادھا کشن راجہ قاسم محبوب جنجوعہ، میونسپل آفیسر ریگولیشن شیخ وقاص حمید، سی او ایم سی رانا ساجد علی،انفورسمنٹ انسپکٹر حاجی محمد انصاری کا ایس ایچ او تھانہ کوٹ رادھاکشن کے ہمراہ مین رائیونڈ روڑ، مین بازار، میر صاحب روڑ، رضا مارکیٹ، پاک بازاراور دیگربازاروں میں لاک ڈائون کے حوالہ سے ایس او پیز پر عمل درآمد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آپریشن۔  17سے زائد دُکانوں کو ایس او پیزکی خلاف ورزی پر سیل کردیا جبکہ ان کے مالکان کے خلاف ایف آئی درج کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ پیراڈائز شادی ہال ، البشیرشادی ہال کو سیل کردیا جبکہ دوران آپریشن 20کے قریب افراد کو ماسک نہ لگانے پر حوالہ پولیس کردیا۔ کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر ڈسکہ میں 7 دکانداروں کیخلاف مقدمہ درج‘ اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار نے اپنی ٹیم کے ہمراہ آڈھا‘ کالج روڈ‘ لاری اڈا‘ نسبت روڈ پر چھاپہ مارا تو ملزمان محسن رضا‘ زوہیب قدیر‘ سبحان علی‘ ذوالفقار‘ علی حیدر‘ حامد علی‘ شاہد منظور کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کر رہے تھے جنہیں اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ رائیونڈ میں ضلعی انتظامیہ کی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے رائیونڈ و گردونواح میں درجنوں دکانو ں کو سیل کر دیا۔ جس پر دکانداروں نے احتجاج کیاگیا تو دوسری جانب شہریوں کی جانب سے سی او یونٹ کی کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کے اقدام کو سراہا گیا۔ اس موقع پر سی او یونٹ نے کہا کہ حکومت پاکستان کی پالیسی کے مطابق کرونا ایس او پیز اور لاک ڈائون پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔

مزیدخبریں