لاہور (نیوز رپورٹر) رہبر پاکستان‘ آبروئے صحافت‘ معمار نوائے وقت گروپ مجید نظامی کا 93 واں یوم ولادت آج منایا جائے گا۔ کرونا وائرس کے باعث یوم ولادت کے موقع پر تقریبات نہیں کی جائیں گی۔ تاہم نظریہ پاکستان ٹرسٹ‘ تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ آن لائن خصوصی تقریب کرے گی جس کی کارروائی فیس بک پیج اور یو ٹیوب چینل پر نشر کی جائے گی۔ مجید نظامی نے پوری زندگی نوائے وقت میں نظریاتی صحافت‘ مسلمانوں کی جدوجہد آزادی کی تقویت‘ کشمیر‘ فلسطین میں ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند رکھی اور افغانستان میں پائیدار امن کیلئے تمام عمر انتھک جدوجہد کی۔ بھارت سے تعلقات کے حوالے سے ان کا دوٹوک مؤقف رہا اور انہوں نے اپنے اس مؤقف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا چاہے پاکستان میں جمہوری حکومت ہو یا آمرانہ دور حکومت ہو۔ ان کے یوم ولادت پر ہر برس خصوصی تقریبات منعقد ہوتی رہیں مگر اس بار پاکستان میں کرونا کی تیسری لہر اور لاک ڈاؤن کے باعث تقریبات نہیں کی جا رہیں۔ تاہم ان کے پیغامات اور تقاریر فیس بک پیج اور یو ٹیوب چینل پر نظریہ پاکستان نشر کرے گا۔