نوٹیفیکیشن منسوخ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو رول بیک نہیں کرینگے عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے حوالے سے 29 مارچ اور 30 مارچ کے نوٹیفکیشن منسوخ کر دیئے گئے ہیں اور اس ضمن میں انسانی غلطی اور کلریکل Mistakeکا امکان بھی مسترد نہیں کیا جاسکتا۔  وزارتی کمیٹی کی تحقیقات کی روشنی میں متعلقہ سیکرٹری کو عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام تحریک انصاف کے ایجنڈا میں شامل ہے اور اسی ایجنڈے کے تحت الیکشن میں حصہ لیا تا کہ دور دراز علاقوں کی محرومیوں کا ازالہ کیا جا سکے۔ ماضی میں جہاں 17 فیصد بجٹ جنوبی پنجاب کے لئے استعمال میں لایا جاتا تھا جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے 33 فیصد بجٹ مختص کر کے رنگ فینسنگ کر دی تا کہ بجٹ کہیں اور منتقل نہ ہوسکے۔  وہ  جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے بتایاکہ ڈسٹرکٹ کے رولز آف بزنس پر مشتمل 30مارچ کے نوٹیفکیشن کو بھی کینسل کر دیاہے اور صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کی سربراہی میں وزارتی کمیٹی کو نئے رولز آف بزنس بنانے کی ہدایت کی ہے کیونکہ ہم جنوبی پنجاب کو بہتر فعال اور اچھی ایڈمنسٹریشن دیں گے۔  وزارتی کمیٹی جنوبی پنجاب میں پہلے سے 16محکموں کی تعداد تمام صوبائی محکموں تک بڑھانے سے متعلق اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ کمیٹی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو موثر اور فعال بنانے کے لئے بھی سفارشات پیش کرے گی۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد جلد رکھنے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ جنوبی پنجاب میں ملازمتوں کا کوٹہ مختص کرنے کیلئے بل کابینہ کے سامنے پیش کیاجائے گا اور میں نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر ماہ ایک دن ملتان اور ایک دن بہاولپور میں بیٹھوں گا، تمام وزراء  مہینے میں دو دن ملتان اور بہاولپور جا کر عوامی معاملات کاجائزہ لیں گے۔ ہم نے پہلی مرتبہ بہاولپور میں صوبائی کابینہ کا اجلاس بلایا، اب ملتان میں بھی کابینہ کا اجلاس جلد بلایا جائے گا اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل طورپر فنکشنل کیاجائے گا اور کسی قسم کی رکاوٹ کو سامنے نہیں آنے دیں گے۔ کمیٹی 7روز میں اپنی حتمی سفارشات دے گی۔ وزیراعلیٰ نے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہاکہ میرا تعلق بھی جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقے سے ہے لیکن اب پورے پنجاب کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں -جنوبی پنجاب ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل آئی جی اور 16محکموں کے افسر تعینات کئے-جنوبی پنجاب کے بارے میں ابہام اور کنفیوڑن سامنے آتے ہی قانونی کارروائی کی اور نوٹیفکیشن واپس لے لئے گئے ہیں -وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں واضح طورپر بتانا چاہتاہوں کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو رول بیک نہیں کریں گے بلکہ اسے آگے بڑھائیں گے، وزارتی کمیٹی کی مشاورت سے مزید پیش رفت کی جائے گی-رمضان المبار ک کے انتظامات کے سلسلے میں متعلقہ محکمے بھرپو ر انتظامات کررہے ہیں -313سہولت بازاروں میں اشیاء  صرف 2018کے نرخ پر ملیں گی- عوام کو کرونا ایس او پیز فالو کرنے چاہئیں کیونکہ ہیلتھ سسٹم پر دباؤ بڑھ رہا ہے- آکسیجن کی کمی پوری کرنے کے لئے وفاق سے بھی رجوع کر رہے ہیں - سازشیں کرنے والے اپنا کام کرتے رہیں گے اور ہم عوامی خدمت کا اپنا مشن پورا کرتے رہیں گے-کابینہ کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے بتایاکہ بہتری کی گنجائش ہر وقت موجود ہوتی ہے- وزیراعلیٰ  نے اتحادیوں کے بارے میں سوال کاجواب دیتے ہوئے کہاکہ ہم مشورے سنتے ہیں اور عمل بھی کرتے ہیں -اتحادیوں کے ساتھ معاملات ٹھیک ہیں ہمیں کوئی مسئلہ نہیں - ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے ووٹ بینک میں بہت تیزی سے اضافہ ہورہاہے، ہار جیت الیکشن کاحصہ ہوتاہے،سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کیا جائے گا-ٹرانسفر پوسٹنگ معمول کی کارروائی ہے، کرونا لاک ڈاؤن کے دوران پولیس کی طرف سے رشوت لینے کی شکایت پر سخت کارروائی کی جائے گی-وفاقی وزیرخسرو بختیار نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے عوام میں نوٹیفکیشن کی وجہ سے پیدا ہونے والے اضطراب پر فوری ایکشن لینے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے شکر گزار ہیں، دریں اثناء وزیر اعلی  کی زیر صدارت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو بااختیار بنانے کیلئے تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا- اجلاس میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزراء  نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے بارے میں آراء  دیںے علاو ازیں جاپان نے وزیر اعلی عثمان بزدار کی قیادت میں حکومت پنجاب کی طرف سے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے ترقیاتی ایجنڈے پر اظہار اعتماد کیا۔ جاپان فیصل آباد میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور واٹرڈسٹری بیوشن سسٹم کی بہتری کیلئے 6 ارب 20 کروڑ روپے کی گرانٹ دے گا۔  جاپان کے سفیر Kuninori Matsuda نے وزیر اعلی  کو خط لکھ کر حکومت جاپان کی طرف سے منظور کی جانے والی گرانٹ سے آگاہ کیا -وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے جاپان کے سفیر کے نام مراسلہ میں گرانٹ منظور کرنے پر جاپان کی حکومت اور جاپان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے جاپان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ وزیر اعلی نے راجن پور میں ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت کے احاطے میں فائرنگ کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ دریں اثناء پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم عارف کو گرفتار کر لیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن