وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں فروغ تعلیم کیلئے تین اہم اقدامات کا اعلان کردیا

Apr 03, 2021 | 18:02

ویب ڈیسک

پنجاب میں 27512پرائمری اور ایلیمنٹری سکول 50 ارب روپے کی لاگت سے اپ گریڈکئے جائیں گے- پہلے فیزکا آغاز یکم اگست سے ہوگا -40 لاکھ طلباء مستفید ہوں گے -وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے 90- شاہراہ قائداعظم پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ تعلیم تک رسائی پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے- فروغ تعلیم کیلئے تمام تر کاوشیں جاری رکھیں گے -یکم اگست سے سکول اپ گریڈیشن کے پہلے فیزمیں 17 ارب روپے کی لاگت سے تقریبا 21 ہزار پرائمری سکول ایلیمنٹری لیول پر اپ گریڈکئے جائیں گے - دوسرے فیزمیں 6653 ایلیمنٹری سکولوں کو ہائی سکول لیول اپ گریڈ کیاجائے گا -طے شدہ طریقہ کار کے مطابق طلبہ کی تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے موجودہ پرائمری سکولوں میں ایلیمنٹری اورایلیمنٹری سکولوں میں سکینڈ شفٹ میں سکینڈری کلاسز ہوں گی -سول سٹرکچر تبدیل کرنے کی بجائے صرف اساتذہ اورسٹاف کواعزازیہ کی مد میں ادائیگی کی جائے گی- ایلیمنٹری سکولوں میں نہم اور دہم کلاس کیلئے 6653 کمپیوٹر اور سائنس لیب قائم کی جائیں گی - وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایاکہ سکولوں کی اپ گریڈیشن کا روایتی طریقہ کار اختیار کرتے تو 295 ارب روپے درکار تھے موجودہ پراجیکٹ سے 245 ارب روپے کی بچت ہوگی- پہلے اور دوسرے فیزکے 27517 سکولوں میں سنٹرل پنجاب کے 11501،شمالی پنجاب کے 5402 او رجنوبی پنجاب کے 10614 پرائمری اور ایلیمنٹری سکول شامل ہیں - جنوبی پنجاب کے سکولوں کا تناسب تقریبا 38 فیصد بنتا ہے - وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سکولوں کی اپ گریڈیشن کیلئے کسی سیاسی سفارش یا وابستگی کی ضرورت نہیں بلکہ طے شدہ طریقہ کار کے مطابق میرٹ پر اپ گریڈیشن کی جائے گی - انہو ں نے کہاکہ اگر اورنج لائن میٹرو ٹرین کو 30 ارب روپے کی سبسڈی نہ دینا ہوتی تو میں ہائی سے ہائر سکینڈری سکول اپ گریڈیشن منصوبے کا آج ہی اعلان کردیتا -وزیراعلی نے فروغ تعلیم کیلئے دوسرے اہم اقدام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ ایک سال میں 10 لاکھ بچوں کی انرولمنٹ کی گئی ہے ان میں 40 فیصد طلباء اور60 فیصد طالبات شامل ہیں - اساتذہ سے بچوں کے داخلوں کی ذمہ داری واپس لے لی گئی ہے اب ایجوکیشن آفیسر اورسکول کونسل یہ کام کرے گی -وزیراعلی نے تیسرے اہم اقدام کی تفصیل بتاتے ہوئے کہاکہ مستند ڈیٹا مرتب کرنے کیلئے ایک کروڑ6 لاکھ طلباء سے ب فارم کا ریکارڈ حاصل کیاجاچکا ہے -وزیراعلی نے مزید بتایاکہ لاہور کے 100 سرکاری سکولوں میں مخیر حضرات کے تعاون سے لنچ فراہم کیاجارہاہے- مزید پانچ اضلاع میں طلباء کو لنچ فراہم کرنے کا جائزہ لیاجار ہاہے - وزیراعلی نے کہاکہ محکمہ تعلیم ان تین اہم اقدامات پر مبارک باد کا مستحق ہے -انہو ں نے میڈیا کہ سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہاکہ دیہات میں سکول قریب نہ ہونے کی وجہ سے بچیوں کوسکول نہیں بھیجا جاتا تھا لیکن اب کسی ریجن یا علاقے کو ترجیح دیئے بغیر میرٹ پر اپ گریڈیشن ہوگی -اساتذہ کوٹرانسفر کیلئے کہیں جانے کی ضرورت نہیں آن لائن ٹرانسفر ہورہی ہے -وزیراعلی نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ کورونا کی وجہ سے زیادہ فوکس صحت پر رہاہے -کلاس روم کی تعمیرکا منصوبہ بھی مکمل کیاجائے گا- وزیراعلیٰ نے بتایاکہ ریونیو کے نظام کو نہ صرف کمپیوٹر ائز کیاجائے گا بلکہ اس کے نظام کو ڈ یجیٹلائزڈ کریں گے - وزیراعلی نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پنجاب میں 127 ویکسینیشن سنٹر کام کررہے ہیں - پرائیویٹ ویکسینشن کے لئے وفاق کے ساتھ مل کر پالیسی بنائیں گے -بچوں کی ویکسینیشن کا فیصلہ ماہرین کی رائے میں کیاجائے گا- بااثرافراد کو ویکسینیشن کی رپورٹ جلد آجائے گی - این سی او سی کے فیصلے کے مطابق مزید اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے - ایسا کچھ نہیں کرنا چاہتے جس سے عام آدمی کو تکلیف اورپریشانی ہو -ہم چاہتے ہیں کہ عام آدمی کا کاروبار بھی چلتا رہے اور کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے - وزیراعلی نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ کوئی ایم پی اے ناراض نہیں اب اساتذہ کے تبادلے پسند نہ پسند پر نہیں ہوتے -ہم اپنی پر فارمنس،میرٹ اور کام پر توجہ دے رہے ہیں ادھر ادھرکی باتوں پر دھیان نہیں دیتے - وزیراعلی نے تنقید کرنے والوں کے بارے میں سوال کے جواب میں کہاکہ تنقید کرنے والے پہلے اپنے معاملا ت ٹھیک کریں پھر ہماری طرف توجہ دیں - ہر بیٹی کو اپنے باپ سے پیار ہوتا ہے لیکن فیصلے قانون کے مطابق کیاجاتے ہیں -صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے بتایاکہ اساتذہ کی ٹرانسفر کے بعد آن لائن ریٹائرمنٹ،لیو اور پروموشن کا نظام بھی دسمبر 2021 تک نافذ کردیاجائے گا - ا س موقع پر معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری تعلیم، سیکرٹری اطلاعات و دیگر حکام بھی موجو دتھے-

مزیدخبریں